جماعت اسلامی 8 فروری کو محفوظ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گی:سراج الحق

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 8 فروری کو ووٹ کے ذریعے محفوظ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔ الیکشن کمیشن امیدواروں کی طرف سے دولت کے بے دریغ استعمال کو روکے، عوام سیاسی اداکاروں کو مسترد کر کے حقیقی قیادت کو سامنے لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 6دیرپائن میں کارنر میٹنگز اور ووٹرز سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا ایک پاکستان میں دو پاکستان نہیں چل سکتے، ملک پر گزشتہ سات دہائیوں سے مسلط سیاسی پارٹیوں نے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے سالہاسال نے اقتدار کے مزے لئے، اس دوران معیشت تباہ ہوئی، ادارے کمزور ہوئے، یہ پارٹیاں آئندہ بھی اقتدار میں آئیں تو عوام کی حالت نہیں بدلے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ کفر سے تو زندہ رہ سکتا ہے، ظلم سے نہیں، 75 سالوں سے عوام کا استحصال ہورہا ہے، نظام نہیں چہرے بدل رہے ہیں، ایک ہی گروہ کے لوگ پارٹیاں جھنڈے تبدیل کر کے غریبوں پر مسلط ہیں، حکمران پارٹیوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں۔ جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم کا ساتھ اس لیے نہیں دیا، ہمیں معلوم تھا کہ ان کا ایجنڈا عوام کی فلاح یا کرپشن کا خاتمہ نہیں، اپنے کیس معاف کرانا تھا۔ گزشتہ 15برسوں میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی سربراہی میں دسیوں پارٹیوں پر مشتمل اتحاد حکومت میں رہے، کوئی بھی معیشت ٹھیک کر سکا نہ ملک میں امن و قائم ہوا۔ ملک پر قابض ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دارٹولہ یہ حق سمجھتا ہے کہ ان کی اولادیں بھی اقتدار پر قابض رہیں گے، کیا مزدور کا بیٹا مزدور اور کسان کا کسان ہی رہیگا؟ اب اس فرسودہ نظام کو ووٹ کی طاقت سے بدلنا ہوگا، تبدیلی تب آئے گی جب عوام کے حقیقی نمائندے ایوانوں میں پہنچیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ منتخب ہو کر مالاکنڈڈویڑن کے مسائل حل کریں گے، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر خیبرپختونخوا کو امن اور خوشحالی دے گی، نوجوانوں کو روزگار دیں گے، مالاکنڈڈویڑن کو سی پیک میں حصہ ملے گا، علاقے کو سڑکوں کے ذریعے ملک کے دوسرے حصوں سے ملائیں گے، بہترین انفراسٹرکچر تعمیر کریں گے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو گا، وسائل کا رخ غریبوں کی طرف موڑیں گے، عشر اور زکوٰة کا نظام قائم کر کے سود سے چھٹکارا حاصل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری ظلم، ناانصافی، بدامنی اور مہنگائی سے نجات کا دن ہے، اس روز امریکہ کے وفاداروں کو شکست ہو گی، باریاں لینے والوں سے قوم تنگ آگئی، جماعت اسلامی مزدوروں، کسانوں، عام پاکستانیوں کی مدد سے اسلامی خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا، جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد یہاں اسلامی نظام کا نفاذ ہے، اسلامی نظام ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ استحصالی نظام کے نتیجہ میں سرمایہ دار کے بنگلوں، پلازوں اور ملز میں اضافہ ہورہا ہے، غریب کی جھونپڑی میں آٹا تک نہیں، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، غریب بچہ پڑھ لکھ جائے تو اسے رشوت یا سفارش کے بغیر نوکری نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا ملک کا موجودہ نظام طاقتور کو تحفظ جب عام آدمی کے مستقبل کی کوئی ضمانت نہیں دیتا۔ ملک میں کل 40، 50 خاندان نسل در نسل اقتدار میں ہیں، جماعت اسلامی خاندانوں کی حکمرانی کا خاتمہ کر کے جمہور کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے، عوام جمہوریت کی مضبوطی، عدل و انصاف کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنے۔