معاشرے میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کرآگے بڑھنے میں ہی کامیابی ہے :گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے گورنر ہاﺅس لاہور میں یوم قائد کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں بیگم گورنر عائشہ بلیغ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی خالد محمود، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد عدنان ، پرو ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ایک پرعزم، جرآت مند،انصاف پسند اور حوصلہ مند شخصیت تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی ولولہ انگیزقیادت اور پرامن جدوجہد کے نتیجے میں آج ہم امن اور سکون سے آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کرآگے بڑھنے میں کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور دین اسلام میں بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی خاص تاکید کی گئی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیںانہیں قائداعظم کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیے جانے والے ملک کو عظیم تر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اور صرف اتحاد، یگانگت، باہمی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ہی کیا جاسکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا فلسطین میں نہتے شہریوں، عورتوں اور بچوں پر مظالم شرمناک ہیں اور اس کے خلاف تمام دنیا کے ممالک کو آواز اٹھانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔مسلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں جن پر عملدرآمد کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات کا اصل مقصد تحقیق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد تنقیدی و تجزیاتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کے اندر چیزوں کا تنقیدی جائزہ لینے کی صلاحیت ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت اور پرامید ہونا چاہیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کمیاں ہر معاشرے میں ہوتی ہیں، ترقی یافتہ ملکوں میں بھی مسائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بہت سی مثبت چیزیں ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے بتائے گئے رہنما اصولوں اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار کو عملی طور پر اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی ہی میں ملک کی بہتری ہے اور ہم سب کو ملکر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔اس موقع پر مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان یوم قائد کے حوالے سے تقریری مقابلہ بھی منعقد ہوا۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے تقریری مقابلے میں پوزیشن لینے والے طلبہ میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔