ساہیوال (چوہدری اشرف سے) آر پی او نے ریجن کے تینوں اضلاع میں کرسمس ڈے اور نیو ائیر نائٹ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے،پولیس والوں کی چھٹیاں منسوخ،شراب سمیت منشیات کی سمگلنگ روکنے کے سخت احکامات جاری۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محبوب رشید نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس اور نیو ائیر نائٹ کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے۔آر پی او کو بتایا گیا کہ ریجن کے تینوں اضلاع ساہیوال،اوکاڑہ اور پاکپتن میں مجموعی طور پر مسیحی عبادت گاہوں چرچز کی تعداد199ہے جن کی سیکورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے جا چکے ہیں۔کرسمس،نیو ائیر نائٹ کے موقع پر اوکاڑہ میں 447،ساہیوال میں 686اور پاکپتن میں 435پولیس افسران و اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی دیں گے۔آر پی ا ومحبوب رشید نے بتایا کہ کرسمس اور نیو ائیر نائٹ کے موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں،اس موقع پر شراب سمیت ہر قسم کی منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈی پی اوز کرسمس اور نیو ائیر نائٹ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔سیکورٹی معاملات میں کسی قسم کی غفلت سستی یا لاپرواہی ناقابل برداشت ہو گی۔کرسمس اور نیو ائیر نائٹ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کے لئے آر پی او آفس میں بھی سیکورٹی مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے۔
کرسمس ڈے اور نیوائیر نائٹ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے :آر پی او ساہیوال



















