حکومت عام آدمی تک تمام طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل مہیا کررہی ہے :سیکرٹری صحت
ساہیوال (چوہدری اشرف سے) سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان نے گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) اکرام الحق، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی اور ایم ایس ڈاکٹر ثاقب منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ہسپتال کی ایمرجنسی، آپریشن تھیٹر، او پی ڈی، ڈائیگناسٹک ونگ اور ان ڈور وارڈز کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہسپتال میں ایک سی ٹی سکین مشین مہیا کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کی سہولیات کی رسائی عام آدمی تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور آلات کی کوئی کمی نہیں اور اب ڈاکٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ جذبہ خدمت سے فرائض سر انجام دیں۔ اس موقع پر انہوں نے ادویات کا سٹاک بھی چیک کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال آنیوالے تمام مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ایم ایس ڈاکٹر ثاقب منیر نے سیکرٹری ہیلتھ کو مریضوں کو فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔



















