ڈسکہ : بجلی و گیس بحران،کوئلے،لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ

ڈسکہ(چودھری اقبال شاہد)ڈسکہ اورا سکے گردنواح بجلی و گیس کے سنگین بحران نے علاقہ مکینوں کو کوئلے و لکڑی کے دور میں واپس بھیج دیا جبکہ ناجائز منافع خور مافیا کی ملی بھگت کے باعث کوئلے کی قیمت 5 ہزار روپے سے بڑھ کر6 ہزار روپے فی من اور لکڑی کی قیمت18سو روپے فی من ہوگئی مگر کوئی بے وسائل علاقہ مکینوں کا پرسان حال نہ رہاہے جس پر انہیں مجبورا کھانا پکانے اور دیگر گھریلو امور کی سرانجام دہی کیلئے انتہائی مہنگے داموں کوئلہ اور لکڑی خریدنا پڑرہی ہے ۔

علاقہ مکینوں نے صحافیوں کو بتایابجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اس پر ستم ظریفی یہ ہے کہ صبح کو ناشتے اور دوپہر کو کھانے کے اوقات میں بالخصوص جبکہ رات کے کھانے کے وقت بالعموم گیس بند کردی جاتی ہے اور اگر کسی جگہ پر گیس آبھی رہی ہوتو اس کا پریشر اس قدر کم ہوتا ہے کہ اس پر کھانا پکانا ممکن نہیں رہتا بیک وقت بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ بندش نے تمام نظام زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے مگر متعلقہ ارباب اختیار کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی جارہی ہے ،علاقہ مکینوں نے مجبورا کوئلے اور لکڑی کا سہارا لینا شرو ع کردیا مگر ظلم یہ ہے کہ کوئلہ و ٹمبر مافیا نے بھی صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئلے اور لکڑی کے نرخوںمیں اضافہ کردیا ۔