وزیرآباد( مہر عاطف یاسین) بنگلہ کالونی گکھڑ میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے خاتون جاں بحق۔ پولیس نے ورثاءکے رجوع کرنے کے باوجود ملزمان کیخلاف مقدمہ درج نہ کیا۔ بدقسمت والدین نے پھٹ پڑے اعلی حکام سے دادرسی کا مطالبہ کردیا۔
بوتالہ شرم سنگھ گوجرانوالہ کے رہائشی محمد یوسف اور اہلیہ بشری بی بی نے وزیرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ ان کی جواں سالہ بیٹی آکاشفہ کی شادی قریب تین سال قبل بنگلہ آبادی گکھڑ کے رہائشی اکمل شہزاد کیساتھ ہوئی جو اس کا پھپھو زاد بھی تھا۔ سسرالیوں نے چھوٹی چھوٹی باتوں کو بنیاد بنا کر ان کی بیٹی کو زدوکوب کرنا شروع کردیا ایک سال قبل جب بچی کی پیدائش قریب تھی ملزمان نے تشدد کرکے بچی کو ماں کے پیٹ میں ہی قتل کردیا اور اس کے بعد ان کی بیٹی کا اسقاط حمل کروا دیا۔
چار پانچ روز قبل ملزم اکمل شہزاد بیرون ملک سے آیا اور چند گھنٹوں بعد ہی باپ کے نمبر پر فون کر کے ملزمان نے کہا کہ آکر اپنی بیٹی کو لے جائیں آکاشفہ کے والدین ساتھیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچے جہاں ان کی بیٹی مردہ حالت میں موجود تھی۔ متاثرہ خاندان کے مطابق ان کی بیٹی کے چہرے ، سر اور جسم کے دوسرے حصوں پر شدید تشدد کے نشانات موجود تھے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر قتل کا جرم چھپانے کی خاطر ڈیڈ باڈی کی فوری تدفین کردی۔ لڑکی کے والدین نے بتایا کہ پولیس ان کی کوئی مدد نہیں کررہی تھانہ سے رجوع کرنے کے باوجود گکھڑ منڈی پولیس نے بااثر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔ بدقسمت والدین نے وزیراعلی پنجاب ، آئی جی پنجاب سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور مقدمہ درج کرکے انصاف دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرآباد:بنگلہ کالونی گکھڑ میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے خاتون جاں بحق



















