سارہ انعام قتل: ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت، 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سینئر صحافی ایاز امیر کی بہو سارہ انعام کے قتل کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم سنایا ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ملزمہ ثمینہ شاہ کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا۔

سارہ انعام قتل کیس کا فیصلہ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے سنایا۔ سارہ انعام قتل کیس کی سماعت ایک سال سے زائد ہوئی اور 3 مختلف ججز نے سماعت کی۔

واضح رہے کہ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ 9 دسمبر کو محفوظ کیا تھا۔ سارہ انعام کو 22 اور 23 ستمبر 2022 کی درمیانی شب قتل کیا گیا تھا، سارہ انعام کے قتل کے الزام میں ملزم شاہنوار امیر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کیس میں شاہنوار امیر کی والدہ ثمینہ شاہ بھی ملزمہ نامزد ہیں۔ 5 دسمبر 2022 کو ملزمان پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔