پاکستان میں کھیلوں اور ایڈونچر ٹورازم کے بے پناہ امکانات موجود ہیں :صدر مملکت

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سازگار ماحول اور بہتر سہولیات کی فراہمی کو کھیلوں اورسیاحت کی ترقی کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں اور ایڈونچر ٹورازم کے بے پناہ امکانات موجود ہیں، موثر ضابطے اور بہتر انفراسٹرکچر کے ذریعے ملک میں سیاحت کے شعبہ کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ وہ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں تیسری پائیدار ماونٹین سپورٹس ٹورازم کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ”ریوائیول آف ماونٹین گلوری“کے عنوان سے ہونے والی تقریب کا اہتمام الپائن کلب آف پاکستان نے کیا تھا۔ تقریب میں ثمینہ بیگ، نائلہ کیانی اور ساجد سدپارہ سمیت ملک کے نامور کوہ پیماوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کرکے ٹائٹل جیتے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ناقابل یقین حد تک پرسکون حسن سے نوازا ہے خاص طور پر ملک کے شمالی علاقے جہاں پہاڑ اور برفیلی چوٹیاں سیاحوں اور ٹریکروں کیلئے کشش کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے خوبصورت مالم جبہ اور نلتر کے علاقوں میں اسکیئنگ کی حیرت انگیز سہولیات موجود ہیں اور ان میں ایڈونچر کھیلوں کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے، اس کے علاوہ وادی ہنزہ میں قراقرم کے بہت بڑے پہاڑوں کے درمیان دنیا کے بہترین ٹریکس موجود ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے سیاحتی ریگولیٹری میکانزم کو نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔