تاحیات نااہلی :سپریم کورٹ کا تمام درخواستیں ایک ساتھ سننے کا فیصلہ
اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ آف پاکستان نے تاحیات نااہلی کے آرٹیکل 62ون ایف سے متعلق تمام درخواستیں ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں عدالت عظمی نے تاحیات نااہلی میں مدت سے متعلق میر بادشاہ قیصرانی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا،حکم نامے کے مطابق نااہلی کی مدت کے سوال والے تمام کیس جنوری 2024 کے آغاز پر ایک ساتھ مقرر کیے جائیں، کیس زیر التوا ہونے کو الیکشن میں تاخیر کےلئے استعمال نہیں کیا جائے گا،عدالتی حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نشاندہی کی آئینی سوال والے کیس پر کم از کم 5 رکنی بنچ ضروری ہے، کیس کمیٹی کی جانب سے تشکیل دیے گئے بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے،عدالتی حکم نامے کے مطابق 2008 کے عام انتخابات میں الیکشن لڑنے کےلئے کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن تھی، کچھ امیدواروں نے جعلی ڈگریاں جمع کرائیں جس پر انہیں نااہلی اور سزاں کا سامنا کرنا پڑا،سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا درخواست گزار کو تاحیات نااہلی کےساتھ2سال کی سزا سنائی گئی، 2سال سزا کےخلاف اپیل لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ میں زیر التوا ہے، درخواست گزار کے مطابق جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے کی سزا آرٹیکل 62ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی ہے،حکم نامے میں کہا گیا درخواست گزار کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 232 (2)کے تحت نااہلی کی مدت 5سال ہے، درخواست گزار کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم 26 جون 2023 کو کی گئی، جب الیکشن ایکٹ کا یہ سیکشن چیلنج کرنے سے متعلق پوچھا گیا تو وکلا نے لاعلمی کا اظہار کیا،عدالتی حکم نامے کے مطابق تمام وکلا نے کہا آئندہ عام انتخابات میں سپریم کورٹ کے حکم اور الیکشن ایکٹ سے غیر ضروری کنفیوژن پیدا ہو گی، وکلا نے کہا نااہلی کی مدت کے تعین پر عام انتخابات سے پہلے اس عدالت کا فیصلہ ضروری ہے، غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے الیکشن ٹریبونلز اور عدالتوں میں مقدمات کا بوجھ بڑھے گا،حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت آئین کی تشریح کےلئے5رکنی لارجر بنچ ہونا چاہیے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا معاملہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے،حکم نامے میں کہا گیا الیکشن کمیشن، اٹارنی جنرل اور تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کیے جاتے ہیں، عوام کی سہولت کےلئے انگریزی اور اردو کے بڑے اخبارات میں بھی نوٹس شائع کیے جائیں، اپیلوں اور سوالات کو8فروری کو شیڈول انتخابات مخر کرنے کےلئے استعمال نہیں کیا جائےگا۔



















