اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کو بری کر دیا،گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں سزا کےخلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھاتاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے بعد ازاں مختصر فیصلہ سناتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کےخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں کیس میں بری کر دیا،نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کےساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، امجد پرویز نے بے نامی مقدمات سے متعلق 13 عدالتی فیصلے پیش کر دیئے،عدالت نے استفسار کیا کیا نیب نے نواز شریف کے زیر کفالت سے متعلق کچھ ثابت کیا یا کوئی ثبوت دیا کہ اپیل کنندہ کے زیر کفالت کون تھے؟ جس پر وکیل امجد پرویز نے کہا بے نامی کی تعریف سے متعلق مختلف عدالتی فیصلے موجود ہیں، ہم نے ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی اعتراضات اٹھائے تھے، ٹرائل کورٹ نے 3 چیزوں پر انحصار کیا اور پانامہ کیس میں دائر سی ایم اے کو بنیاد بنایا، تینوں سی ایم اے حسن، حسین اور مریم نواز نے جمع کرائیں،نواز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا نواز شریف کی جانب سے ایک بھی سی ایم اے جمع نہیں کرائی گئی، ٹرائل کورٹ نے فیصلے میں کہا یہ جمع کرائی گئی سی ایم ایز مجرمانہ مواد ہیں جبکہ ایک بھی سی ایم اے ثابت نہیں کرتی نواز شریف ان اثاثوں کے مالک ہیں،دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا یہ جو سی ایم ایز دائر کی گئی تھیں ان میں کیا تھا؟ جواب میں امجد پرویز نے کہا سی ایم ایزکو ریکارڈ پر رکھا ہی نہیں گیا بلکہ اس کے ساتھ منسلک دستاویز کو ریکارڈ پر رکھا گیا البتہ ان سی ایم ایزمیں کہیں نہیں لکھا نواز شریف کی ملکیت تھی بلکہ یہ لکھا گیا تھا کہ نوازشریف کا تعلق نہیں، خصوصی طور پر جب دونوں مقدمات کی نوعیت الگ الگ ہو،سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے کے بعد نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل کا آغاز کیا،اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا، کیا العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں آپ کے پاس ثبوت ہیں اپیل کنندہ یعنی نواز شریف نے سرمایہ کاری کی اور اس کے کوئی ثبوت ہیں؟ جس کے جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا براہ راست تو ان کے پاس شواہد نہیں ہیں لیکن مختلف مالیاتی اداروں نے تصدیق کی تھی کہ نواز شریف کے مختلف بینکوں میں اکاو¿نٹس ہیں،نیب وکیل نے ریفرنس کی چارج شیٹ پڑھتے ہوئے کہا نیب نے اپنی تفتیش کی، اثاثہ جات کیس میں تفتیش کے 3،2 طریقے ہی ہوتے ہیں، ہم نے جو شواہد اکٹھے کیے وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، اس میں 161 کے بیانات بھی ہیں،نیب پراسیکیوٹر نے کہا فرد جرم عائد کرتے ہوئے عدالت نے ملزمان معلوم ذرائع لکھے، نواز شریف پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹس کے الزام کے تحت فرد جرم عائد کی گئی، ایس ای سی پی، بینک اور ایف بی آر کے گواہ عدالت میں پیش ہوئے جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا بنیادی طور پر کیس میں العزیزیہ اور ہل میٹل کے الزامات ہیں، العزیزیہ میں پہلے بتائیں کتنے پیسے بھیجے، کیسے بھیجے، کب فیکٹری لگی؟،عدالت کے سوال کے جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا یہ وائٹ کالر کرائم کا کیس ہے، پاکستان میں موجود شواہد اکٹھے کئے ہیں اور بیرون ملک شواہد کے حصول کےلئے ایم ایل اے لکھے گئے،بنچ کے سربراہ نے کہا محض مفروضوں کی بنیاد پر کسی کو سزا نہیں دی جا سکتی، انہوں نے کہا سورس ڈاکیومنٹس عدالتوں میں قابل قبول نہیں ہوتے جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر شہباز شریف نے کہا ہے نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں بریت پر ہم سب اللہ تعالیٰ کے ہاں سربسجود ہیں، نواز شریف صرف میرے بھائی اور قائد نہیں ہیں وہ پوری قوم کے لیڈر ہیں، نواز شریف کی بریت اور حق کی اس فتح سے جلد ان کی قیادت میں پاکستان میں خوشحالی اور ترقی کا دور واپس آئے گا، نواز شریف کے صبر، ایمان اور استقامت کو سلام پیش کرتا ہوں،ٹوئٹ کے اختتام پر انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مشہور ملی نغمے کا مصرع بھی لکھا ”ہوتا ہے جادہ پَیما پِھر کارواں ہمارا“ علاوہ ازیں قانون کے ماہرین نے کہا فیصلہ میرٹ پر دیا گیا، نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھے، کچھ قانونی ماہرین نے کہا عجلت میں فیصلے ہو رہے ہیں،ماہر قانون جہانگیر جدون نے کہا ہے نیب عدالت میں بے بس نظر آیا، ماہر قانون راجہ عامر عباس نے کہا جب پراسیکیوشن جواب دینے سے قاصر ہو تو عدالتیں کیا کرسکتی ہیں، عرفان قادر نے کہا کیسز تو نیب نے بنائے نہیں تھے، کیسز سپریم کورٹ کی ہدایت پر بنائے گئے تھے، جوڈیشل ریفارمز کی بہت ضرورت ہے،ماہر قانون عرفان قادر نے مزید کہا عدلیہ کے ججز نے سابق وزیراعظم کو نااہل کیا، سب سے پہلے نکالنے والے ججز کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے، ایک وزیراعظم کو نااہل کرنے سے پوری کابینہ ختم ہوجاتی ہے، نیب قوانین کسی فرد واحد کو نہیں پارلیمان کو اتفاق رائے سے بنانے چاہئیں،جسٹس (ر) عباد لودھی نے کہا آج کل جس طرح انصاف بانٹا جارہا ہے بہت سارے سوالات اٹھ رہے ہیں، لگ رہا ہے طے شدہ معاملات ہیں، آمد سے پہلے ریلیف ملنا اور ایک ہی بینچ پر کیس لگنا سوالیہ نشان ہے، تاریخ دان ان دنوں کو انصاف کے حوالے سے سنہرے حروف میں نہیں لکھے گا۔
احتساب عدالت کی سزا کالعدم،نواز شریف العزیزیہ ریفرنس سے بھی بری



















