کراچی(بیورورپورٹ)سٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا ہے جس سے شرح سود کو 22فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،سٹیٹ بینک نے گزشتہ روز نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا اور ایک مرتبہ پھر شرح سود میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے فیصلے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثر کو پیش نظر رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے نومبر کے مہینے میں مہنگائی قدرے زیادہ تھی، 12ماہ کی مستقل بین بنیاد پر حقیقی شرح سود بدستور مثبت ہے اور مہنگائی متوقع طور پر مسلسل کمی کی راہ پر گامزن ہے،انہوں نے کہا آئی ایم ایف سے سٹینڈ بائی معاہدے کی بدولت سہ ماہی کےلئے جی ڈی پی نمو کا نتیجہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کی معتدل معاشی بحالی کی توقع کے مطابق رہا، صارفین اور کاروباری طبقے کے احساسات میں بھی بہتری آئی ہے لیکن مہنگائی اب بھی بلند ترین سطح پر ہے جس میں بتدریج کمی آ رہی ہے،بیان میں کہا گیا مالی سال 24 کی پہلی سہ ماہی میں حقیقی جی ڈی پی 2.1 فیصد سال بہ سال بڑھی جبکہ گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی میں 1فیصد نمو ہوئی تھی اور توقعات کے عین مطابق زراعت کے شعبے میں نمو اس کا بنیادی محرک تھی،زری پالیسی کمیٹی نے جارءکھاتے کے توازن میں نمایاں بہتری کا ذکر کیا کیونکہ مالی سال 24 میں جولائی تا اکتوبر خسارہ 65.9 فیصد کم ہو کر 1.1 ارب ڈالر رہ گیا، اگرچہ درآمدات کم ہوئیں تاہم غذائی اشیا خصوصاً چاول کی وجہ سے برآمدات تھوڑی بڑھیں،سٹیٹ بینک نے کہا گیس کے نرخوں میں توقع سے زیادہ اضافے نے نومبر 2023 میں مہنگائی میں 3.2 فیصدی درجے کا حصہ ڈالا اور سال بہ سال 29.2 فیصد پر پہنچا دیا، رواں ماہ مہنگائی 21.5 فیصد کی شرح پر رہی جو مئی 2023 میں 22.7 فیصد کی بلند ترین شرح سے ذرا کم ہے۔
سٹیٹ بینک کی نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود 22فیصد پر برقرار



















