ریاست کو دہشت گردی کیخلاف جنگ کا شرعی اور آئینی حق حاصل،عوام کا تحفظ کیا جائیگا : وزیر اعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ریاست کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا شرعی اور آئینی حق حاصل ہے، طاقت کا استعمال صرف ریاست کا حق ہے، ریاست اپنے عوام کو ہر صورت تحفظ فراہم کرےگی اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پوری قوم ہمیشہ شہدا کی قربانیوں کی مقروض رہے گی، زبان، رنگ، نسل، عقیدے سمیت کسی بھی بنیاد پر کسی بھی گروہ یا فرد کو پرتشدد کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وہ پیر کو یہاں وزارت داخلہ میں شہدا کے لواحقین سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہدا کے لواحقین کے غم کا مداوا نہیں کیا جا سکتا، شہید کا اجر ا للہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے، پوری قوم ہمیشہ شہدا کی قربانیوں کی مقروض رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس، سیاستدانوں، صحافیوں، سول سوسائٹی، طلبا ، افواج پاکستان سمیت معاشرے کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں نے ملک و قوم کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کو حاصل ہے، زبان، رنگ، نسل، عقیدے سمیت کسی بھی بنیاد پر کسی بھی گروہ یا فرد کو پرتشدد کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اگر کوئی گروہ تائب ہو کر رجوع کرنا چاہتا ہے تو سب سے پہلے وہ شہدا کے لواحقین سے معافی مانگے، اگر وہ مکمل طور پر اپنی غلطی قبول اور غیر مشروط سرنڈر کرے تو ریاست فیصلہ کر سکتی ہے، اگر ایسا نہیں تو ہم سو سال تک بھی لڑنے کیلئے تیار ہیں اور ریاست ایسے لوگوں سے بات چیت نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست اپنے عوام کو ہر صورت تحفظ فراہم کرے گی اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائےگا۔ تقریب میں شہدا کے لواحقین نے اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور وزارت داخلہ کی طرف سے شہدا کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے اقدام کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دریں اثناءنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت داخلہ میں شہدا کی یادگاری تصاویر کی گیلری کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے شہید صفوت غیور کی تصویر کو دیوار پر آویزاں کیا۔ گیلری میں وطن عزیز کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم وزارت داخلہ پہنچے تو اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور شہدا کے لواحقین بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ میں نئے ویزا نظام کا افتتاح کر دیا گیا۔ انہوں نے وزارت داخلہ میں میڈیا سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بھی موجود تھے۔ وزارت داخلہ کے حکام نے وزیراعظم کو نئے ویزا نظام کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نئے ویزا نظام کے تحت بزنس مینوں کو کم سے کم وقت میں ویزوں کا اجراءکیا جائیگا اور اس مقصد کے لئے کم سے کم دستاویزات درکار ہوں گی۔ ویزوں کے اجراءکے عمل کو آسان بنایا گیا ہے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کو فروغ ملے۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کی طرف سے نئے ویزا نظام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ میں میڈیا سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر بتایا کہ نادرا کے تعاون سے وزارت داخلہ میں میڈیا سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔