جوہری معاہدہ فائدے میں ہواتوقبول کرینگے: ایرانی وزیرخارجہ

تہران (مشرق نیوز) ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوششیں تیزی سے بے کار ہوتی جا رہی ہیں۔ اس جوہری معاہدے کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں 2018 کے دوران ختم کر دیا گیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوارکوایرانی وزیر خارجہ نے تہران یونیورسٹی میں ایک خطاب کے دوران کہاکہ آج ہم جتنا آگے جارہے ہیں عالمی طاقتوں کا کیا ہواجوہری معاہدہ( جے سی پی او اے)اسی قدر بے فائدہ ہوتا جارہا ہے۔وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہاکہ بعض اوقات ایران کی سرخ لکیروں کو دوسری جانب سے نظر انداز کیا گیا ہے، اس لیے ہم فی الحال مذاکرات کی طرف واپسی کے راستے پر نہیں ہیں۔ انہوں ساتھ ہی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یقینا اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم نے اس معاہدے کو ایک طرف رکھ دیا ہے۔ اگر معاہدہ ہمارے مفاد میں ہو گا تو ہم اس معاہدے کو بعض نقائص کے باوجود قبول کر لیں گے۔