اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اکبر ایس بابر کی پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات دوبارہ کرانے کی استدعا مسترد کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن میں سماعت کی، انٹرا پارٹی الیکشن کیخلاف 14 درخواست گزار الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل علی حسن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے 2 روز قبل الیکشن کمیشن تشکیل دیا جاتا ہے، کوئی ووٹرز فہرست تشکیل نہیں دی جاتی اور 2 دن بعد انتخابات کراتے ہیں، ممبر خیبرپختونخوا نے اکبر ایس بابر کے وکیل کو جھاڑ پلا دی۔ ممبر خیبرپختونخوا نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی آئین کے آرٹیکل 5 میں کیا کہا ہے؟ وکیل اکبر ایس بابر نےکہا کہ اس کا مطلب کہ بند کمرے میں الیکشن کرا دیں، ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہاں سنجیدہ بات کریں، مذاق نہ کریں۔
الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر سمیت دیگر کی انٹراپارٹی انتخابات کیخلاف درخواستوں پر تحریک انصاف کو نوٹس جاری کر دیا اور مزید سماعت 12دسمبر تک ملتوی کر دی۔ دریں اثنا سماعت کے موقع پر الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیا گیا، جس میں مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر جعلی الیکشن نامنظور کے نعرے لگائے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، مظاہرین کی جانب سے پلے کارڈز پر پی ٹی آئی انٹرا پارٹی مخالف نعرے درج تھے۔
پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات دوبارہ کرانے کی اکبر ایس بابر کی استدعا مسترد



















