کوہاٹ(بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے جدید تعلیم ہماری ترجیح ہے، تعلیم یافتہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، اساتذہ کا تعلیمی نظام میں انتہائی اہم کردارہے،جدیدتعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے، ہمیں خود کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کےلئے اقدامات کرناہوں گے۔
کیڈٹ کالج کوہاٹ کے 58ویں یومِ والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کیڈٹ کالج کے 58ویں یوم والدین کی تقریب میں شرکت اور نوجوان کیڈٹس سے مخاطب ہونا میرے لئے اعزاز کا باعث ہے،مادر علمی میں گزارا ہوا وقت ہمیں مستقبل کےلئے تیار کرتاہے، جدیدتعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے، اساتذہ تعلیمی نظام میں انتہائی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، والدین پر بھی انتہائی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کیڈٹ کالج کوہاٹ نے ہمیشہ بہترین نتائج دیئے ہیں، یہ کالج میرا مادر علمی رہا ہے،میں 1984 میں بلوچستان کے ایک پسماندہ علاقے سے تعلیم کےلئے اس کالج میں آیا،میں زندگی میں اس مقام پرپہنچا ہوں تو اس کا سہرا میرے اس مادر علمی کے اساتذہ کے سر ہے۔
وزیراعظم نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ محنت ، ایمانداری اور لگن سے آگے بڑھتے جائیں، ان کےلئے زندگی میں چیلنجزہوں گے، مشکلیں آئیں گی تاہم کامیابی ان کا مقدر ہو گی، وزیراعظم نے کہا ایک اچھا انسان بننا ہی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ہے، تقریب سے خطاب کے دوران نگران وزیراعظم جو کیڈٹ کالج سے فارغ التحصیل ہیں نے اپنی مادر عملی کے بہت سے اساتذہ کانام لے کر ذکر کیا اور انہیں یاد کرتے ہوئے وزیراعظم آبدیدہ ہو گئے اور کہا مجھ میں آج جو کچھ اچھاہے ،سہرا میرے اساتذہ کے سر ہے ۔
جدید تعلیم ترجیح ،نوجوان قوم کا مستقبل ہیں،وزیراعظم



















