IMFکی ایک اور شرط پوری، 4سرکاری ادارے حکومتی سرپرستی سے آزاد

اسلام آباد(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری ،4سرکاری ادارے حکومتی سرپرستی سے آزاد ہوگئے،صدر مملکت نے آرڈیننس جاری کردئیے ،عارف علوی نے ریڈیو پاکستان، این ایچ اے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور پوسٹل سروسز پرآرڈیننسز کی منظوری دی۔

غیر منافع بخش و مالی خسارے کا سبب بننے والے 4سرکاری ادارے خود مختار بورڈز کے ماتحت کام کریں گے ،حکومتی سرپرستی ختم کردی گئی،اعلامیے کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے ریاستی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے آئی ایم ایف معاہدے کے تحت آرڈیننس جاری کیے گئے۔

متعلقہ سیکرٹریز نے صدر مملکت کو آرڈیننس فوری جاری کرنے پر بریفنگ دی۔

حکومت نے پی ٹی وی، کسٹم اور پاکستان سٹیل کو بھی حکومتی سرپرستی سے آزاد کرنے کیلئے صدارتی آرڈیننس لانے کا فیصلہ کرلیا،خراب کارکردگی والے مزید 4سرکاری اداروں کا انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرنے کا فریم ورک تیار کیا جاچکا ،آئندہ مزید 4سرکاری ادارے خود مختار بورڈ کے زیر سرپرستی کام کریں گے،ذرائع کے مطابق خود مختار بنائے گئے سرکا ری اداروں کا انتظامی بورڈ 6 سے 12 ممبران پر مشتمل ہوگا۔