اسلام آباد/ لاہور (بیورو رپورٹ+ اپنے رپورٹر سے) ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا کالعدم، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری کردیا۔ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کےخلاف نواز شریف کی اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم نوازشریف لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوشن ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود رہی۔
نوازشریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہانواز شریف کے شریک ملزموں مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر کو اپیل منظور کر کے بری کیا گیا، شریک ملزموں پر اعانت جرم کا الزام تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سے شریک ملزموں کی بریت کا فیصلہ حتمی صورت اختیار کرچکا، امجد پرویز نے نیب آرڈیننس کی مختلف شقیں پڑھیں اور کہا نیب آرڈیننس میں ”بے نامی دار“ لفظ کی تعریف کی گئی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا میرے خیال میں سزا معطلی بھی اسی بنیاد پر ہوئی تھی، سزا معطلی کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کا سہارا لیا۔ بعدازاں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلوں میں مزید وضاحت کی ہے اس پر معاونت کریں۔
امجد پرویز نے دلائل میں کہا بے نامی ، اعانت جرم اور زیر کفالت پرسپریم کورٹ نے اپنے فیصلوں میں تشریح کی ، آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تفتیش کے بعد پراپرٹی کی مالیت کا مرحلہ آتا ہے۔ معلوم ذرائع آمدن کا جائیداد کی مالیت سے موازنہ کیا جاتا ہے، 9 اے فائیو کا جرم ثابت کرنے کےلئے تمام تقاضے پورے نہیں کیے گئے،کیس میں جرم ثابت کرنے کےلئے ایک جزو بھی ثابت نہیں کیا گیا،عدالت نے استفسار کیاکیا ریفرنس میں لکھا نواز شریف نے کب جائیدادیں خریدیں ؟۔
وکیل نے کہا ریفرنس میں تاریخ موجود ہیں نہ ہی نواز شریف کی ملکیت کا ثبوت ہے، ظاہر کردہ آمدن کےساتھ بتانا تھا اثاثے بناتے وقت قیمت کیا تھی؟ نیب کو آمدن و اثاثوں کی مالیت کا تقابل پیش کرنا تھاپھربات سامنے آنی تھی اثاثوں کی مالیت آمدن سے زائد ہے یا نہیں ،تقابلی جائزے کے بغیر تو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا جرم ہی نہیں بنتا،وکیل نے کہا 1993سے 1996 کے دوران پراپرٹیز بنائی گئیں،پاناما فیصلہ، جے آئی ٹی ، نیب انویسٹی گیشن رپورٹ، ریفرنس میں کوئی ایسی بات نہیں جس سے نواز شریف کا پراپرٹیز سے تعلق ثابت ہو، واجد ضیا نے خود تسلیم کیا نواز شریف کا پراپرٹیز سے تعلق ثابت کرنے کے شواہد موجود نہیں، فرد جرم عائد کرنے میں بات بتائی جاتی ہے آپ کے اثاثے ظاہر کردہ اثاثوں کے مطابق نہیں۔
امجد پرویز نے کہا سب سے اہم بات پراپرٹیز کی آنرشپ کا سوال ہے، زبانی نہ دستاویزی ثبوت ہے پراپرٹیز کبھی نواز شریف کی ملکیت میں رہی ہوں، استغاثہ کو ثابت کرنا تھا مریم نواز، حسین نواز اور حسن نواز، نواز شریف کی زیر کفالت تھے، بچوں کے نواز شریف کی زیر کفالت کا بھی کوئی ثبوت موجود نہیں،تمام چیزوں کو استغاثہ کو ثابت کرنا ہوتا ہے، چیزوں کا بار ثبوت دفاع پر کبھی منتقل نہیں ہوتا، کوئی ثبوت نہیں پراپرٹیز نواز شریف کی ملکیت یا تحویل میں رہیں۔
چیف جسٹس نے پوچھا سارا پراسیکیوشن کا کام ہے؟ وکیل نے کہا جی بالکل سب استغاثہ کو ثابت کرنا ہوتا ہے، نیب کو ثابت کرنا تھا نواز شریف نے پراپرٹیز کی خریداری کےلئے ادائیگی کی یہ بھی ثابت کرنا تھا پراپرٹی ان کے یا بے نامی دار کے زیر ملکیت ہے، کورٹ نے مفروضے پر سزا دی اور فیصلے میں ثبوت کی بجائے عمومی بات لکھی، عدالت نے کہا مریم نواز بینفشل اونر اور نواز شریف کے زیر کفالت بھی تھیں،وکیل نے کہالاہور ہائی کورٹ نے نیب کے ملزم انٹیلی جنس بیورو کے سابق سربراہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ امتیاز کو بری کیا، اس بنیاد پر بریت ہوئی نیب نے ملزم کی مبینہ جائیدادوں کی قیمت ،ملزم کی آمدن کا تعین کیے بغیر ہی ریفرنس دائر کر دیا تھا، سپریم کورٹ نے بھی فیصلے کو برقرار رکھا، سپریم کورٹ نے کوئی بھی متضاد فیصلہ نہیں دیا، مریم نواز کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی عدالتی فیصلوں اور اصولوں کی توثیق کی ،نواز شریف کے وکیل نے کہاعدالت کا کہنا ہے بچے عمومی طور پر والد کے زیر کفالت ہوتے ہیں ،عدالت نے صرف اس بات پر سزا سنائی بچوں کے نام جائیداد پر والد ذمہ دار ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاحال ہی میں فیصلہ دیا بے نامی کیلئے 4 مندرجات کا ثابت ہونا ضروری ہے،چاروں میں سے ایک بھی ثابت نہیں تو بے نامی کے زمرے میں نہیں آئے گا،وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا جناب میرا امتحان کیوں لے رہے ہیں،چیف جسٹس نے کہا وہ تو ضروری ہوتا ہے ناں، چیف جسٹس کے ریمارکس پر قہقہے لگے گئے۔
بعدازاں امجد پرویز ایڈووکیٹ نے مریم نواز کی ہائی کورٹ سے بریت کا فیصلہ پڑھ کر سنایا اور کہا اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر مریم نواز کو بری کیا ، عدالت نے لکھا پراسیکیوشن کے موقف کو ثابت کرنے کےلئے کوئی ایک ڈاکیومنٹ موجود نہیں،نیب پراسیکیوٹر نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے کے باعث ریفرنسز دائر کیے گئے ،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاآپ کہنا چاہ رہے ہیں ریفرنس دائر کرنا آپ کی مجبوری تھی؟ سمجھ رہے ہیں ریفرنس دائر کرنا نیب کی مجبوری تھی، ریفرنس دائر ہوگیا سزا بھی ہوگئی،نیب پراسیکیوٹر نے کہا مریم نواز کی بریت کے فیصلے کے خلاف نیب نے اس وقت اپیل نہیں کی تھی، اب وہ فیصلہ حتمی ہے اس پر دلائل نہیں دے سکتے تو عدالت نے کہا پھر اس کو منظور کرلیں؟،عدالت نے امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا مختصر فیصلہ سنایا اور نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سنائی گئی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کردیا۔
دوسری جانب نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کےخلاف اپیل واپس لے لی،عدالت نے اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔
دریں اثنا قائد ن لیگ وسابق وزیر اعظم نواز شریف نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہامیرے ساتھ انصاف ہوا ،اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، میں نے اپنے معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا ،اللہ نے مجھے سرخرو کیا، مالک کا بہت شکر ہے،صحافی نے پوچھا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جگہ اب بیرسٹر گوہر بن گئے ہیں توکیا کہیں گے؟ نواز شریف نے کہا بس یہی قدرت کا نظام ہے۔
سابق سینیٹر ون لیگ کے مرکزی رہنما سلیم ضیا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاسندھ کے عوام کی محبتوں کا مقروض ہوں ،بھلا نہیں سکتا،عام انتخابات میں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہر کارکن کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،عام انتخابات میں ن لیگ کامیابی کی نئی سیاسی تاریخ رقم کرے گی۔
ادھر سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا عدلیہ کا شکریہ جس نے انصاف دیا،نواز شریف کی ثابت قدمی سے سیاسی انتقام لینے والوں کے پاﺅں اکھڑ گئے،اللہ تعالی نے میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی و خاندان کو سرخرو فرمایا ،قوم کو قائد نواز شریف کی بریت مبارک ہو۔
شہبازشریف نے کہاقید خانے، بے بنیاد مقدمات، چادر اور چار دیواری کی پامالی، کردار کشی سمیت اذیت کا ہر حربہ اختیار کیاگیا لیکن اللہ تعالی نے سچائی واضح کر دی،اپنے بہادر قائد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے زندگی کے تلخ ترین لمحوں میں کبھی ہمت نہیں ہاری۔
سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا اللہ نے بہترین انصاف کیا ،نواز شریف کی سچائی اور مقدمات بنانے والوں کی خیانت ثابت ہو گئی،انسان ظلم سہنے کے باوجود اپنے معاملات اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیتا ہے تو وہ پوری دنیا کے سامنے انسان کو کس طرح سرخرو کرتا ہے یہ اس کی مثال ہے۔
دوسری جانب نوازشریف کے ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے پر ن لیگی رہنماﺅں،کارکنوں نے جشن منایا،ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا،بھنگڑے ڈالے،مٹھائیاں تقسیم کی گئی،لیگی رہنماوکارکن قائد نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے،قائدین نے عدالتی فیصلے کو منصفانہ قراردےدیا۔
پنجاب میں میرٹ ،عوام کی حکمرانی ،اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ بھی نہیں ،مریم نو از
مکہ دفاعی اتحاد کی اسلام آباد میں بڑی بیٹھک،یمن، سعودیہ کشیدگی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال
محبت کی اصل کہانی کا آغاز 30 سال کے بعد ہوتا ہے، پنکج ترپاٹھی
حماس سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے اسرائیلی حملے میں بال بال بچ گئے
مکہ معاہدہ امن و استحکام کی ضمانت ہے، پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد
امریکی فضائیہ کے کلاوڈ سسٹم پر سائبر حملہ، حساس ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا
ایس ایم ایز کوقرض فراہمی کاطریقہ کار مزید آسان بنایا جائے،وزیراعظم
فضل الرحمن کے بعد ن لیگ ،پی پی سمیت سب کی باری آئےگی،علی امین گنڈا پور
چین پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فر ی رسائی دے،احسن اقبال
فضل الرحمن کو پاکستان ،طالبان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، عطا تارڑ



















