کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائیگی : شہبازشریف

لاہور (مشرق نیوز) سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کاکہنا ہے کہ کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائیگی۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں اور میں، انصاف کیلئے لاہور کی عدالت میں پیش ہوا، ہمیں عدلیہ کا بے حد احترام ہے اور ہمیشہ کیا ، ہم عدالتوں میں حاضری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے لیکر پورے شریف خاندان نے جو صعوبتیں جھیلیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، میاں نواز شریف کوبیٹی کے سامنے گرفتار کیا گیا،انہوں نے خود کو قانون کے سامنے پیش کر دیا ہے، 2007 میں نواز شریف کی مخالفت اور دشمنی میں بلوچستان کی حکومت بھی گرا دی گئی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے آلہ کاروں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، ملک کیخلاف ایک سازش اور غداری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف انشا اللہ انتخابی مہم میں اپنے منشور کا اعلان کریں گے، الیکشن بروقت ہونے چاہئیں، ہم پوری تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں داخل ہو رہے ہیں۔