سموگ کے خاتمے کےلئے ہر فرد کو حکومتی اداروں کا ساتھ دینا ہو گا،ڈپٹی کمشنربہاولنگر
بہاولنگر( افتخار احمد )آلودگی اور سموگ کے خاتمے کےلئے ہر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے فرد کو اپنا کردار ادا او رحکومتی اداروں کا ساتھ دینا ہو گا،ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت انسداد سموگ کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ظہور حسین اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا حکومت نے سموگ اور فضائی آلودگی کی روک تھام کےلئے سخت اقدامات اور قوانین متعارف کرائے ہیں تاکہ آلودگی و سموگ کا باعث بننے والے ذرائع کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے،انہوں نے کہا آلودگی اور سموگ کے خاتمے کےلئے ہر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے فرد کو اپنا کردار ادا او رحکومتی اداروں کا ساتھ دینا ہو گا،کوڑا کرکٹ کو آگ لگانا، پرانے ٹائرز، چمڑے کی پرانی اشیاءکو جلانا، دھواں دیتی گاڑیوں کا استعمال آلودگی،بھٹوں پر غیر معیاری ایندھن کا استعمال، پولی تھین بیگز کو آگ لگانا، دھان و کماد کی باقیات کو آگ لگانا، ان تمام اشیاءکو جلانے سے اٹھنے والا دھواں سموگ اور آلودگی کا باعث ہے،انہوں نے سموگ اور آلودگی کے خاتمے کےلئے اپنی تجاویز میں کہا فیکٹری مالکان فضائی آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات نصب کرائیں،بھٹہ مالکان بھٹہ جات کےلئے زگ زیگ میتھاڈولوجی کا استعمال، ہسپتالوں کے فضلہ جات کو حفاظتی اقدامات کے تحت تلف کریں جبکہ کسان اور زمیندار فصلوں کی باقیات کو تلف کرنے کےلئے آگ ہر گز نہ لگائیں۔



















