فیصل آباد(اشفاق مغل)کسان بورڈپاکستان کے مرکزی صدرسردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہاگنے کے کرشنگ سیزن میں تاخیرسے ملک میں غذائی قلت کا خطرہ منڈلاتا نظر آ رہا ہے، سندھ اور پنجاب میں زیادہ تر کاشتکار گنے کی فصل کے بعد گندم کاشت کرتے ہیں اگر کرشنگ کا سیزن دیر سے شروع ہوتا ہے تو کسانوں کے پاس گندم کی فصل لگانے کےلئے کم وقت رہ جائے گا اور تاخیری فصل سے گندم کی اوسط میں خاطر خواہ کمی ہو سکتی ہے۔
سردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہاپنجاب حکومت شوگرمافیاکو فائدہ پہنچانے کیلئے دانستہ طور پر کرشنگ سیزن میں تاخیر کر رہی ہے،پنجاب حکومت کرشنگ سیزن کو اس لئے التوا میں ڈال رہی ہے تا کہ کسان گندم کی بجائے پھر سے گنا ہی کاشت کریں،مل مالکان اور شوگرمافیااتناطاقور اور بااثر ہوچکا ہے کہ شوگرکین ایکٹ کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو15 دن کے اندر مل کی طرف سے ادائیگی لازمی ہے مگر مل مالکان کی طرف ابھی تک پچھلے سال کی ادائیگیاں بھی بقایا ہیں،شوگر مل مالکان ابھی تک سی پی آر کے ذریعے ادائیگی کررہے ہیں جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں،حکومت مل مالکان کو چیک کے ذریعے ادائیگی کاحکم دے تاکہ ادائیگی نہ کرنے والے مل مالکان کے خلاف کسان قانونی کارروائی کرسکیں۔
کسان بورڈپاکستان کے مرکزی صدرنے مزید کہاپاکستان میں زراعت ریسرچ، ٹیکنالوجی، ادویات اور زرعی آلات کی کمی کی وجہ سے شدید بری حالت کو پہنچ چکی ہے اس وجہ سے سب سے زیادہ متاثر والا طبقہ چھوٹے درجے کا کسان ہے جس کو شدید اقتصادی مسائل کا سامنا ہے۔ اب تو نہری پانی کی کمی اور بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافوں نے کسان کو زراعت سے مایوس کر دیا ہے۔
گنے کے کرشنگ سیزن میں تاخیر سے غذائی قلت کا خطرہ ہے،کسان بورڈ



















