سیوریج لائنوں کی صفائی کیلئے شہری انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پاکپتن روڈ پر سیوریج لائن بچھانے کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔انہوں نے محکمہ ہائی وے کو ہدایت کی کہ مڈھالی روڈ پر سیوریج لائن کے کام کے بعد 2کلو میٹر حصے کی اسفالٹ کے انتظامات بھی جلد مکمل کئے جائیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدرت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل نواز، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ جھال روڈ کی مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مڈھالی روڈ کی سیوریج لائن کی صفائی آج مکمل کر لی جائےگی۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر مڈھالی روڈ کی سیوریج لائن کے برساتی نالے تک تمام مین ہولز کی صفائی مکمل کر دی گئی،مین ہولز کی صفائی کی وجہ سے سیوریج کے فلو میں بہتری آئی ہے اور علاقہ مکینوں کے سیوریج کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ یہ بات چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمدنے مڈھالی روڈ سیوریج لائن کی صفائی کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ مڈھالی روڈ پر برساتی نالے تک موجود تمام 60 مین ہولز کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے جس سے اردگرد کے علاقہ مکینوں کو درپیش سیوریج مسائل حل کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ سیوریج لائنوں کی صفائی کے سلسلہ میں میونسپل کارپوریشن عملہ سے تعاون کریں اور مین ہولز میں اینٹیں، بوریاں اور ٹائر وغیرہ نہ پھینکیں تاکہ سیوریج لائنوں میں پانی کا بہا¶ متاثر نہ ہو۔