لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر قیادت انسداد بجلی چوری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، 79 روز سے جاری مہم کے دوران بجلی چوری میں ملوث 13324ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق79 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک13324ملزمان کو گرفتار کیا گیا،مجموعی طور پر 30384ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،30008 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے29064درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک 52814044 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2114099607 ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دوسری طرف میکلوڈ روڈ ڈویژن کے حکام نے لکشمی چوک میں چیکنگ آپریشن کیا ، دوران آپریشن بٹ کڑاہی تکہ نامی دکان کا مالک بجلی چوری میں ملوث پایا گیا ، ملزمان لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے ، چوری کی بجلی سے 3 اے سی چلائے جا رہے تھے جبکہ 7 فلیٹس کو بھی چوری کی بجلی سپلائی کی جارہی تھی ۔ لیسکو حکام نے غیرقانونی کنکشن کو منقطع کرکے ملزم کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے جبکہ ملزم کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے ۔ ملزم کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 15524 یونٹس چارج کئے گئے ہیں ۔ خیال رہے کہ بٹ کڑاہی تکہ کے مالکان کو چند روز قبل بھی بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا ، جس پر ملزم کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج ہے ۔
بجلی چوری پر لیسکو افسران ، ملازمین کو بھی کٹہرے میں لایا جائیگا: چیف ایگزیکٹو



















