ریاض (مشرق نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے سعودی کمپنی تمکین ایچ آر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستانی سفارتخانہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن معظم علی، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی، ڈی جی بیورو آف امیگریشن اور جوائنٹ سیکرٹری امیگریشن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ان کا استقبال سی ای او تمکین فارس الحانکی نے کیا۔ انہیں سی ای او نے کمپنی کے کام کے بارے میں بریفنگ دی۔ سی ای او ایچ آر نے بتایا کہ صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں خاص طور پر پیرا میڈیکل سٹاف کےلئے افرادی قوت کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ تمکین پاکستان سے افرادی قوت کی درآمد کو بڑھانے کیلئے او ای سی اور دیگر کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہمان نوازی کا شعبہ ایک اور ممکنہ شعبہ ہے جس کی بہت زیادہ مانگ ہے،معاون خصوصی نے پاکستان سے افرادی قوت کی تیزی سے برآمد کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سعودی ریکروٹمنٹ کمپنیوں کے تمام مسائل کے حل کیلئے وزارت اوورسیز پاکستانیز پاکستان میں نیا سعودی ڈیسک قائم کیا ہے۔ معاون خصوصی نے سعودی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پاکستانی کارکنوں اور پیشہ ور افراد کی مہارت کی سطح کو بڑھانے میں تعاون کی بھی درخواست کی۔ دریں اثناءجواد سہراب ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد نے سعودی عرب کی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کا دورہ کیا۔ جواد سہراب ملک نے سعودی شہریوں کی مہارت کی ترقی میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے عظیم کردار کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے کارکنوں کیلئے مہارتوں میں بہتری کیلئے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات قابل غور ہے کہ نیوتک اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن جلد ہی اس سلسلے میں ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔ پاکستانی وفد کا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہنر مندی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت قدم تھا۔ دونوں فریق سعودی عرب میں پاکستانی کارکنوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے ملکر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
سعودی ریکروٹمنٹ کمپنیوں کیلئے وزارت اوورسیز میں ڈیسک بنا دیا :جواد سہراب ملک



















