اسلام آباد(بیورورپورٹ)2 ریٹائرڈ فوجی افسروں کا کورٹ مارشل،بغاوت کاجرم ثابت،عادل راجہ14،حیدر مہدی کو 12سال قید بامشقت کی سزاسنادی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ریٹائرڈ افسروں کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی، پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا،فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے جرم میں سزا سنائی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عدالت نے مناسب عدالتی عمل کے ذریعے7 ، 9 اکتوبر 2023 کو دونوں ریٹائرڈ افسروں کو مجرم قرار دیا،میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجہ کو 14 ،کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی،سزاکے تحت 21 نومبر 2023 سے دونوں ریٹائرڈ افسروں کے رینک بھی ضبط کر لیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ملزم عادل راجہ کےخلاف 7مئی 2023کو تھانہ جنوبی لاہور کینٹ میں مقدمہ درج کیا گیا،18جون 2023کو عادل راجہ کےخلاف باقاعدہ عدالتی کارروائی کی گئی،کورٹ مارشل کی کارروائی کے دوران عدالت کی جانب سے پہلا سمن 19جون2023کو جاری کیا گیا، عادل راجہ کو سمن کی وصولی سفارتی ذرائع کے ذریعے کرائی گئی،دوسرا سمن22اگست2023کو جاری کیا گیا،عدالت پیش ہونے کےلئے 30دن کا وقت دیا گیا،مسلسل عدالت سے غیر حاضری پرعادل راجہ کو7اکتوبر2023کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔
دوسرے ملزم حیدر مہدی کےخلاف بھی 7مئی2023کو تھانہ جنوبی لاہور کینٹ میں مقدمہ درج کیا گیا،ملزم حیدر مہدی کو 26جون2023کو پہلا سمن جاری کیا گیا،سمن کینیڈا ڈاک رجسٹرڈ میل کے ذریعے بھیجا گیا ،عدالت نے ملزم حیدر مہدی کو 27جولائی2023 کو طلب کیا مگرسمن وصول کئے بغیر واپس بھیج دیا گیا،دوسرا سمن 28اگست2023کو بھیجا گیا ،عدالت نے ملزم کو 29ستمبر2023کو طلب کیا،دوسرا سمن بھی بغیر وصولی کے ہی واپس کر دیا گیا،مقدمے میں مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے حیدر مہدی کو پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 131 کے تحت 12 سال قید بامشقت کی سزا سنا ئی،دونوں کو قانون کے مطابق کونسل بھی مہیا کی گئی تھی۔
واضح رہے دونوں ریٹائرڈ افسر سوشل میڈیا بیانات اور وی لاگز میں پاک آرمی ،اعلیٰ افسروں کےخلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کیا کرتے تھے۔
دوسری جانب دفاعی تجزیہ کاروں نے کہا فوج ،ریاست کےخلاف بغاوت پر اکسانے والوں کو سزائیں ملنی چاہئیں،دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر(ر) مسعود خان نے کہا میجر (ر) عادل فاروق راجہ ، کیپٹن (ر) حیدر رضا مہدی اداروں کی بدنامی کا سبب ،جھوٹی خبریں پھیلا کر دشمنوں کا کام کر رہے تھے۔
بریگیڈیٹر (ر) وقار خان نے کہا دونوں بھارتی چینلز کے بڑے فیورٹ تھے، بھارتی ایجنسیوں سے فنڈز آ رہے تھے، موقع دیا گیا لیکن پیش نہیں ہو رہے تھے،انٹرپول کے ذریعے لایا جائے،بریگیڈیٹر(ر) فاروق حمید نے کہاسمجھتا ہوں دونوں کو بہت پہلے سزا ہو جانی چاہیے تھی، عوام کو اداروں کےخلاف کھڑا کرنے کی سازش کر رہے تھے، آرمی ایکٹ کے تحت کورٹ مارشل کیا گیا،فوج ،ریاست کیخلاف بغاوت پر اکسانے والوں کو سزائیں ملنی چاہئیں۔
دفاعی تجزیہ کار سید علی نے کہا قومی سلامتی کے تناظرمیں اقدام بہت اہم ہے، عادل فاروق راجہ، حیدر رضا کو سزا دینا بہت ضروری تھا، دونوں پر زمینوں پر قبضے، کرپشن کے الزامات بھی تھے، اپنے جرائم سے توجہ ہٹانے کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیا ،ماہر قانون راجہ خالد نے کہا پاکستان سے باہر بیٹھ کر بغاوت پر اکسانا سنگین جرم ہے،دونوںنے پاکستانی اداروں کیخلاف اودھم مچا رکھا تھا،نام ای سی ایل میں ڈال کر انٹرپول کے ذریعے واپس بلایا جا سکتا ہے اب ریڈ وارنٹ جاری ہوگا، دونوں دانستہ طور پر روپوش ہیں،پاکستان آ کر سرنڈر کریں ، فیصلے کےخلاف اپیل کر سکتے ہیں۔
2 ریٹائرڈ فوجی افسروں کا کورٹ مارشل،بغاوت کاجرم ثابت،عادل راجہ14،حیدر مہدی کو 12سال قید



















