لاہور (اپنے رپورٹرسے) گورنر پنجاب/چانسلر بلیغ الرحمن نے یہاں گورنر ہاس لاہور میں انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کلچر کے سپیشل کانووکیشن میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔متحدہ عرب امارات کے سفیر کو پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی تعلقات کے فروغ میں قابل قدر خدمات کے اعزاز میں اعزازی ڈگری دی گئی ہے۔گورنر پنجاب نے یو اے ای کے سفیر کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری ملنے پر مبارکباد دی۔ تقریب میں وائس چانسلر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کلچر، فیصل جنجوعہ، پرو وائس چانسلر اعجاز اے قریشی، ممبر سینیٹ انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کلچر، عمران مسعود، پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم ، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کلچر کے سپیشل کانووکیشن میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ گورنر پنجاب نے یو اے ای کے سفیر کی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ثقافتی، تجارتی تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے مضبوط کرنے میں کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان نہایت خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں۔ گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلیمی اداروں کے درمیان ڈگری یا مختصر دوروں پر مشتمل ایکسچینج پروگرام ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبا بڑی تعداد میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے جارہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حصول علم سے ہی ترقی کے راستے کھلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی جامعات ٹائمز ہائر ایجوکیشن اور کیو ایس رینکنگ میں بہتر پوزیشن پر آ رہی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی جامعات یو اے ای سمیت دنیا بھر میں اپنے کیمپس کھولنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان کا گرین ہاوسز گیسز اور کاربن اخراج میں بہت کم حصہ ہے لیکن ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ نہتے فلسطینیوں پر جس طرح ظلم ڈھایا جا رہا ہے ناقابل برداشت ہے۔متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کہا کہ میرے لئے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری ملنا نہایت اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔یو اے ای سفیر نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مشترکہ منصوبوں پر کام شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ فوڈ سیکیورٹی، ثقافت، تعلیم اور تجارت کے شعبے میں تعلقات کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کیساتھ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہونگے: گورنر پنجاب



















