غزہ (مشرق نیوز) غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت عارضی جنگ بندی کا آغاز ہوگیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عارضی جنگ بندی کا آغاز غزہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا ہے جو اگلے 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہیگا۔
پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے تک حماس ابتدائی طور پر 13 اسرائیلی خواتین اور بچوں کو رہا کریگا۔ قطر میں ثالثوں نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر یرغمالیوں کو رہا کیا جائیگا اور 4 دنوں میں مجموعی طور پر 50 یرغمالیوں کو رہا کیا جائیگا۔ جنگ بندی کے فوری بعد ہی غزہ میں انسانی امداد کاسلسلہ شروع ہو جائے گا۔
قطری اعلان کے مطابق جنگ بندی جامع ہو گی اور شمالی غزہ کے ساتھ ساتھ جنوبی غزہ میں برابر نافذ العمل ہو گی۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ جمعے کو جن یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا ان کی فہرست ملنے کے بعد ان کے خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ لسٹ میں کن کن افراد کے نام شامل ہیں۔
دونوں جانب سے خواتین اور 18 سال سے کم عمر افراد کو رہا کیا جائیگا جبکہ فلسطینیوں کو تین اسرائیلی جیلوں سے رہا کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں جنگ بندی کے بعد کے کئی گھنٹوں میں لڑائی جاری رہی، جمعرات کو غزہ کے شمال میں دھماکے سنے گئے اور علاقے پر دھوئیں کے گہرے بادل چھائے رہے ۔
حکام کے مطابق غزہ شہر کا ایک ہسپتال بمباری کے اہداف میں شامل ہے،24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی فوج نے 300سے زائد حملے کئے۔ دونوں فریقین نے یہ بھی اشارہ دیا کہ لڑائی دوبارہ شروع ہونے سے پہلے وقفہ عارضی ہوگا۔
غزہ ، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز



















