سموگ کا باعث فیکٹریاں بغیر اجازت ڈی سیل نہ کرنے کا حکم

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے باعث سیل فیکٹریاں بغیر اجازت ڈی سیل کرنے سے روک دیا،جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالت کے روبرو ایل ڈی اے کے سینئر لیگل ایڈوائزر صاحبزادہ مظفر علی اور ماحولیاتی کمیشن کے ممبر سید کمال حیدر نے رپورٹس پیش کیں۔

ماحولیاتی کمیشن نے رپورٹ میں کہا عدالتی حکم پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے میٹنگ ہوچکی ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے سموگ سے متعلق عدالت کے تمام احکامات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے،نگران وزیر اعلیٰ نے سموگ کے تدارک کیلئے عدالتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا عدالتی اقدامات کے باعث سموگ میں واضح کمی آئی ہے، حکومت کے مطابق ہفتے کے دو دن ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

دوران سماعت آلودہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریاں اور بھٹوں کو ڈی سیل کرنے پر عدالت نے اظہار ناراضگی کیا اور قرار دیا کہ جن جن افسران نے ڈی سیل کیا ہے ان کے نام بتائیں، ان کےخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کروں گا، ایک دو افسران کےخلاف کارروائی ہوگئی تو باقی سب ٹھیک ہو جائے گا،جسٹس شاہد کریم نے کہا لاہور کو سگنل فری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بہت خطر ناک کام ہے، سٹرکوں پر یو ٹرن کا معلوم ہی نہیں ہوتا، جیل روڑ پر سگنل فری کرنے کاپر اجیکٹ فیل ہوا،اسی دوران عدالت نے محکمہ زراعت سے فصلوں کے باقیات کیلئے رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے سموگ کیلئے اقدامات کرنے پر کمشنر لاہور کے کام کو سراہا اور کہا بہترین اقدامات کے باعث سموگ میں کمی واقع ہوئی ہے،رپورٹ میں کہا گیاہے ننکانہ صاحب میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات پر 40 افسروں کو معطل کردیا گیا ، عدالت نے سماعت 24 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔