پائیدار زراعت ، خوراک کی حفاظت پر کانفرنس کے مثبت نتائج برآمد ہو ں گے،نوید ملغانی

بہاولپور(قاسم بھٹی)شعبہ پلانٹ پیتھالوجی، فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور،پاکستان فائٹو پیتھولوجیکل سوسائٹی اور آسٹریلین سنٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچر ریسرچ کے اشتراک سے 8ویں بین الاقوامی کانفرنس برائے پائیدار زراعت اور خوراک کی حفاظت بغداد الجدید کیمپس میں 25تا 28 نومبر کو ہوگی۔

کانفرنس کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر نوید اسلم ملغانی نے کہا ہے کانفرنس کےلئے 530 سائنسدانوں، اساتذہ محققین اور ماہرین نے رجسٹریشن کرائی ہے جن کاتعلق امریکہ، چین،ترکی،اٹلی،سعودی عرب اور پاکستان سے ہے،رواں سال کانفرنس کا موضوع ”پائیدار زراعت اور خوراک کی حفاظت، پودوں کے پیتھوجینز کا گٹھ جوڑ، موسمیاتی تبدیلی اور پانی کے چیلنجز“ ہے، پودوں کے پیتھوجینز، موسمیاتی تبدیلی اور پانی کے چیلنجوں سے خصوصی مطابقت کےساتھ پائیدار زراعت اور خوراک کی حفاظت کے موضوع پر شرکاءاپنے خیالات کااظہار کریں گے اور آگاہی فراہم کریں گے، کانفرنس میں کئی نامور ملکی اور غیر ملکی مقررین شرکت کریں گے ، کانفرنس میں 430 سے زائد مقالے جات موصول ہو چکے ہیں،کانفرنس زراعت کےلئے بہت اہم ہے اور فصلوں اور بیماریوں کی روک تھام کے جدید رجحانات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور زراعت سے وابستہ افراد کو ماہرین سے ملنے اور بات کرنے کا موقع فراہم کرے گا، کانفرنس میں پائیدار زراعت اور غذائی تحفظ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پھلوں، سبزیوں اور کھیت کی فصلوں کی بیماریوں سے متعلق متنوع موضوعات کا احاطہ کرنےوالے 3 روزہ انٹرایکٹو لرننگ سیشن شامل ہیں۔

شرکا خصوصی رہنمائی کا پروگرام، فارم ٹور اور ثقافتی شو میں شرکت کے علاوہ بہاولپور کے سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کریں گے، فوکل پرسن نے مزید کہا کانفرنس میں نوجوان سائنسدانوں خصوصاً پی ایچ ڈیز کی شرکت یقینی بنانے کیلئے 60 مندوبین کو مشاہرہ فراہم کیا جائیگا تاکہ وہ بغیر کسی مالی دشواری اس میگا اکیڈمک ایونٹ میں شرکت کریں، پروفیسر ڈاکٹر نوید اسلم ملغانی نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی سرپرستی اور رہنمائی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر اور ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی کا شکریہ ادا کیا ہے۔