مانیکا کی باتوں کے بعد عمران کو ریاست مدینہ کانام نہیں لینا چاہیے،نوازشریف

اسلام آباد (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم وقائد ن لیگ نواز شریف کی العزیزیہ، ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت پیر تک ملتوی کردی،چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپیلوں پر سماعت کی۔

سابق وزیر اعظم لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا آپ کو دلائل کےلئے کتنا وقت، کتنے گھنٹے درکار ہوں گے؟کیس کے حقائق سے متعلق کچھ چیزیں یاد ہیں لیکن آپ شروع سے لےکر چلیں گے،اعظم نذیر تارڑ نے کہا سمجھتے ہیں زیادہ سے زیادہ 4سے 6گھنٹے درکار ہوں گے،امجد پرویز نے کہاکوشش ہوگی کم سے کم وقت میں اپنے دلائل مکمل کرلوں، چیف جسٹس نے استفسار کیا نیب کو دلائل کےلئے کتنا وقت درکار ہے ؟۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہادلائل کےلئے تقریبا آدھا گھنٹہ چاہیے ہوگا، چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کیا مطلب لیں نیب نے کچھ نہیں کہنا؟چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا آئندہ پیر سے ساڑھے 12بجے دلائل شروع کرتے ہیں اور 2،اڑھائی گھنٹے آپ کو سنتے ہیں، اعظم نذیر تارڑ نے کہا استدعا ہے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے چونکہ معاملہ 2018، 2019کا ہے، یقین دلاتے ہیں عدالت کا رتی برابر بھی وقت ضائع نہیں کریں گے۔

اعظم نذیر تارڑ نے دلائل دئیے عدالت نواز شریف کے بنیادی حقوق کا معاملہ بھی دیکھ لے ،چیف جسٹس نے کہا دیکھ لیں گے، ضرورت پڑی تو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر لیں گے، کیس کے دن ریگولر ڈویژن بنچ بھی منسوخ کر دیں گے،بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت پیر تک کے ملتوی کردی۔

دریں اثناعدالت کے باہر صحافی نے سوال کیاکیا آپ نے خاور مانیکا کا انٹرویو دیکھا ہے؟ نوازشریف نے جواب دیا جی دیکھا ہے جی،صحافی نے پھر سوال کیا خاورمانیکا نے جو کہا اس کے بعد راناثنا نے در فٹے منہ والی بات کی تھی کیا وہ درست ہے؟۔

سابق وزیراعظم نے جواب میں کہا جوباتیں انہوں نے کیں، میرانہیں خیال اس کے بعد ریاست مدینہ کا نام لینا چاہیے تھا،صحافی نے پھر سوال کیا کیا اب اصل چہرہ سامنے آ گیا، عمران خان کیا گل کھلاتے رہے؟ سابق وزیراعظم نے کہا میں نے تو کہا ہے جو باتیں انہوں نے کیں پھر اس کے بعد ریاست مدینہ کا نام نہیں لینا چاہیے۔