مشرف کی سزا والا فیصلہ موجود ، معطل نہیں ہوا،پنشن ،مراعات کا معاملہ اٹھے گا،سپریم کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ہیںمشرف کی سزا والا فیصلہ موجود ہے ، معطل نہیں ہوا،پنشن ،مراعات کا معاملہ اٹھے گا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 2رکنی بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کی اپیلوں پر سماعت کی ،سابق صدر کی طرف سے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دئیے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل سلمان صفدر سے کہا آپ کو پرویز مشرف نے خود وکیل مقررکیا تھا، چاہیں تواپیل کی پیروی کرسکتے ہیں سلمان صفدر نے کہا مجھے ہدایات نہیں اگر مزید ایک ہفتہ دے دیں تو اہلخانہ سے رابطے کی کوشش کروں گا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مکالمہ کیا کوئی سول کیس نہیں آپ کو ہدایات درکار ہوں، کرمنل اپیل ہے ،عدم پیروی پرخارج ہونے سے منفی تاثر جائےگا، عدالت نے اب وقت دینا چھوڑ دیا ،جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا میری ذاتی رائے میں پرویز مشرف کی سزا والا فیصلہ موجود ہے، معطل نہیں ہوا، پرویز مشرف کےخلاف فیصلے کی صورت میں پنشن ،مراعات کا معاملہ اٹھے گا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سلمان صفدر سے کہا عدالت کی سزا ختم ہونے والے معاملے پرمعاونت کریں، کیا خصوصی عدالت پر ضابطہ فوجداری کا اطلاق ہوتا ہے؟۔

چیف جسٹس نے کہا امید ہے آپ مائنڈ نہیں کریں گے لیکن آپ سے یہ توقع نہیں تھی اگرآپ دستیاب نہیں تھے تو التوا کی درخواست دے دیتے، 4سال بعد اپیل لگی تو آپ التو مانگ رہے ہیں، وکیل پرویز مشرف نے کہا مجھے صرف ایک ہفتے کی مہلت چاہیے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاآئندہ سماعت پرپرویزمشرف کے ورثا خود پیش ہوں یا بیان حلفی جمع کرائیں،عدالت نے سلمان صفدرکو پرویز مشرف کے ورثا کے ایڈریس اورفون نمبر دینے کی ہدایت کردی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا عدالت کو دیگر فیملی ممبران سے صاحبزادی کا ایڈریس ،فون نمبرلےکردیا جائے، عدالت پرویز مشرف کے ورثا کو واٹس ایپ پر بھی نوٹس بھجوا دے گی، آپ التوا پر زور دے رہے ہیں تو ملتوی کردیں گے لیکن التوا خوشی سے نہیں دیں گے،بعد ازاں عدالت نے سلمان صفدرکو پرویزمشرف کے اہلخانہ سے ہدایات لینے کیلئے مہلت دےدی۔