فیض آباد دھرناکیس فیصلے پر عمل نہ ہونے کا خمیازہ قوم نے 9 مئی کی صورت بھگتا: سپریم کورٹ


اسلام آباد(بیورورپورٹ)فیض آباد دھرناکیس فیصلے پر عمل نہ ہونے کا خمیازہ قوم نے 9 مئی کی صورت بھگتا، سپریم کورٹ نے 15 نومبر کی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔

حکم نامے میں کہاگیافیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ پرتشدد واقعات کی نشاندہی و مستقبل کے خدشات کو واضح کر رہا تھا، ماضی کے پر تشدد واقعات کا حوالہ دیکر مستقبل کیلئے وارننگ دی گئی مگر تقریباً 5سال گزرنے کے باوجود حکومتوں نے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا،فیصلے پر نظر ثانی درخواستوں کو سماعت کےلئے مقرر نہ کرنے سے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہو سکا،عدالتی عملے کے مطابق نظرثانی درخواستیں وقت فوقتاً مختلف چیف جسٹس صاحبان کے سامنے رکھی جاتی رہیں، تینوں ماضی کے چیف جسٹس صاحبان نے نظرثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کیلئے کوئی ہدایات نہیں دیں،حکم نامے میں شیخ رشید کی جانب سے نظر ثانی درخواست واپس لینے پر عدالتی نے حیرانی کا اظہار کیا۔


تحریری فیصلے میں لکھا گیا شیخ رشید کے وکیل نے کہا میں نظرثانی درخواست واپس لینا چاہتا ہوں، عدالت نے بار بار پوچھا درخواست دائر کیوں کی، 4سال 8ماہ تک التوا رہا، شیخ رشید کے وکیل نے جواب دیا غلطی فہمی کے سبب نظرثانی دائر کی گئی،تعجب ہے شیخ رشید جیسا سیاست دان جو طویل عرصہ تک رکن پارلیمنٹ رہا اسے غلط فہمی ہوگئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آبزرویشنز دیں ماضی کے پرتشدد واقعات کےلئے کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا نہ ہی کوئی احتساب ہوا،حکم نامے میں انکشاف سامنے آیا25 اپریل 2019کو سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ہدایت پر درخواستیں کاز لسٹ سے نکال دی گئیں،نظرثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر نہ ہونے پر متعلقہ عدالتی حکام سے پوچھا گیا، ایڈیشنل رجسٹرار فیکچر ، ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے اپنی رپورٹس دیں جن کے مطابق 25 اپریل 2019کو نظرثانی درخواستیں فائنل کاز لسٹ کے ڈرافٹ میں دن ایک بج کر 12 منٹ پر شامل ہوئیں، اسی دن محض 5گھنٹے بعد اس وقت کے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ہدایت پر شام 5بج کر 6منٹ پر درخواستیں فائنل کاز لسٹ سے نکال دی گئیں۔

سپریم کورٹ نے حکمنامے میں کہاکوئی حیرت کی بات نہیں فیصلے پر عمل نہ ہونے سے ذاتی مقاصد کےلئے پرتشدد واقعات کرنا معمول بنا، آزاد عدلیہ ،بہتر پاکستان کےلئے جد و جہد کرنےوالے متاثرین کےساتھ بھی ناانصافی ہوئی، قوم نے ناانصافی کا خمیازہ 9 مئی واقعات کی صورت میں بھگتا،حکم نامے میں سپریم کورٹ نے 4 سال 8 ماہ تک کیس مقرر نہ کرنے پر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قرار دیا سپریم کورٹ اپنے اوپر عوام کا اعتماد بحال کرنے کےلئے اتنے سال کیس مقرر نہ ہونے اور ہیر پھیر کرنے کی ذمہ داری تسلیم کرتی ہے، سپریم کورٹ قرار دیتی ہے ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی، سچ آزاد کرتا اور اداروں کو مضبوط بناتا ہے، پاکستانی عوام کا حق ہے سچ پہنچایا جائے۔

عدالت نے کہا ہر ادارے کا فرض ہے ذمہ داری،شفافیت کا مظاہرہ کرے، اداروں سے غلطی ہو تو تسلیم کرنا چاہیے، عوام کا اداروں پر عدم اعتماد آمریت کو فروغ ،جمہوریت کی نفی کرتا ہے، اپنے اداروں کو داغدار کرنے والے اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کےساتھ اپنی انا کی تسکین کرتے ہیں،سپریم کورٹ نے ہدایت دی سپریم کورٹ کے متعلقہ ایڈیشنل رجسٹرار فیض آباد دھرنا فیصلے پر نظرثانی درخواستیں مقرر نہ ہونے پر رپورٹ جمع کرائیں۔

حکم نامے میں کہا گیا یاد دلانا ضروری نہیں سپریم کورٹ کے ہر حکم پر عملدرآمد کرانا ضروری ہے، فیض آباد دھرنا فیصلے پر تمام نظرثانی درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر نمٹائی جاچکی ہیں، اب دیکھنا ہوگا فیض آباد دھرنا فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کیوں نہ توہین عدالت کی کارروائی کی جائے،فیصلے کے وقت کی حکومت ،الیکشن کمیشن بدل چکے، موجودہ حکام کو عدالتی فیصلے پر عمل نہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرانا مناسب نہیں، وفاقی حکومت نے فیصلے پر عمل درآمد کےلئے کمیشن بنا دیا ، امید کرتے ہیں کمیشن 2ماہ کی مقررہ مدت میں کارروائی مکمل کرلے گا۔

سپریم کورٹ نے ہدایت دی الیکشن کمیشن ٹی ایل پی کی فارن فنڈنگ پرایک ماہ میں رپورٹ جمع کرائے، شیخ رشید کی نظر ثانی درخواست ،ابصار عالم کی متفرق درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی جاتی ہے،فیض آباد دھرنا فیصلے پر عمل درآمد کیس کی مزید سماعت 22 جنوری 2024 کو ہوگی۔