وزیرآباد: غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کا دھندہ عروج پر

وزیرآباد(مہر عاطف یاسین) غیر قانونی ہونے کے باوجود ہاوسنگ سکیموں کا دھندا پروان چڑھنے لگا۔ منظور آباد روڈ پر زرعی زمینوں پر بننے والی ہاوسنگ سکیم کے پلاٹوں کی کروڑوں روپے میں بکنگ ہو گئی۔خریداروں کو قانونی ملکیت تک نہیں دی جاتی، کالونی مالکان نے گیپکو کی ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کے نیچے بھی تعمیرات شروع کر لیں۔ متعلقہ حکام کی غفلت سے مختلف محکموں اور خزانہ سرکار کو کروڑوں روپے کا نقصان۔ شہریوں سے فراڈ کا بھی خدشہ۔ شہری حلقوں کا چیف جسٹس ہائی کورٹ لاہور، چیف سیکرٹری پنجاب سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

شہر اور اطراف کے بعد دیہاتوں میں غیر قانونی ہاوسنگ سکیم کا دھندہ عروج پر ہے۔ بغیر کسی منظوری کے بنائی گئی ہاوسنگ سکیم مالکان کا سادہ لوح عوام کو سہانے خواب دکھا کر لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ مبینہ محکمہ مال کے افسران اور پٹواریوں کیساتھ ملکر زمینداروں سے اونے پونے داموں خریدی گئی زمینوں کے فی مرلہ ریٹ دس لاکھ روپے تک سنائے جارہے ہیں۔ فرنٹ پر بنائے گئے پلاٹوں کی کروڑوں روپے میں بکنگ ہو چکی ہے۔ پابندی کے باوجود بجلی کے زرعی کنکشن کا غلط استعمال کر کے شہریوں کو کالونی الیکٹیفائی ہونے کا جھانسہ دیا جارہا ہے جبکہ واپڈا کی ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کے نیچے بھی غیر قانونی تعمیرات شروع کردی گئی ہیں۔ شکایات کے باوجود ضلع کونسل کے افسران، اسسٹنٹ کمشنر، ڈی سی اور دیگر اتھارٹیز کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں لا کر کام نہیں کروایا جارہا جس سے سادہ لوح شہر لٹنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کے دھندے میں انتظامی افسران کو ملوث قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف، وزیراعظم پاکستان، وزیراعلی پنجاب سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔