لاہور (اپنے نمائندے سے) جماعت اسلامی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 125 چوہدری ذبیح اللہ بلگن نے کہا ہے کہ مخصوص جماعت کو جتوانے اور ہرانے کو سلسلہ بند ہونا چاہیے۔انتخابات صاف اور شفاف ہونے چاہئیں کسی ایک شخص کو وزیراعظم بنانے کیلئے سیاسی انجینئرنگ کسی صورت قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاشقند سے وطن واپسی پر ملاقات کیلئے آنے والے کارکنان کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ چودھری ذبیح اللہ بلگن کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ یہاں کبھی بھی صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔ 2018 اور 2013 میں بھی انتخابات دھاندلی زدہ تھے جبکہ اب 2024 میں بھی ایک خاص جماعت کو اقتدار میں لانے کیلئے سہولت کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں جمہوری نظام کو مضبوط ہونا چاہیے۔ جمہوری عمل تبھی مستحکم ہو سکتا ہے اگر صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور جمہوری عمل میں غیر جمہوری قوتیں مداخلت نہ کریں۔ ذبیح اللہ بلگن نے کہا کہ بیشتر سیاسی جماعتیں اقتدار کی سیاست کرتی ہیں انہیں سیاسی اقدار و اخلاقیات کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی بیساکھیوں پر الیکشن لڑ کر اقتدار میں آنے والے کس منہ سے یہ گلہ کرتے ہیں کہ ادارے سیاست میں مداخلت کیوں کرتے ہیں۔ اگر مداخلت ان کے حق میں ہو تو مٹھائیاں تقسیم کرتے ہیں اور ان کے خلاف ہو تو روتے اور آہ و بکا کرتے ہیں کہ”مجھے کیوں نکالا“۔
کسی مخصوص شخص کو وزیراعظم بنانے کیلئے سیاسی انجینئرنگ کسی صورت قبول نہیں:چوہدری ذبیح اللہ بلگن



















