داتا گنج بخش زون، شعبہ پلاننگ میں عملے کی قلت بارے ایڈمنسٹریٹر کو گمراہ کئے جانے کا انکشاف

لاہور (خبرنگار) صوبائی دارالحکومت کے اہم اور حساس ترین زون داتا گنج بخش کے شعبہ پلاننگ میں عملے کی شدید قلت بارے ایڈمنسٹریٹر کو مسلسل گمراہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ کمپیوٹر آپریٹر اور مستقل بلڈنگ انسپکٹروں کی تعیناتی کے علاوہ 25 سے زائد خالی سیٹوں پر متبادل عملہ تعینات کرنے کے بجائے خاتون زونل افسر کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ چیف افسر اور میٹروپولیٹن افسر پلاننگ نے دیگر زونز میں سرکاری احکامات کی دھجیاں بکھیرنے والوں سے آنکھیں موند کر صرف داتا گنج بخش زون کی خامیوں پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ حالانکہ نشتر زون میں سابق میٹروپولیٹن افسر پلاننگ کے حکم پر رہائشی علاقوں کو انڈسٹریل زون میں بدل کر نہ صرف ماسٹر پلان کا بیڑا غرق کیا گیا بلکہ ریونیو کو بھی ناتلافی نقصان پہنچایا، نشتر زون میں غیر قانونی تعمیرات کی فہرست آج بھی افسروں کی میز پر موجود ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سابق افسروں کی غلط پالیسیوں اور پیسے کمانے کی ہوس کے باعث پورے لاہور میں غیر قانونی تعمیرات کا جال بچھا ہوا ہے، مگر اس جانب توجہ دینے کی بجائے پسند نا پسند کا کھیل کھیلا جارہا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ عارضی میٹروپولیٹن افسر پلاننگ مصطفی معظم اور چیف افسر اقبال فرید نے متنازعہ ریٹائرڈ پلاننگ افسر جس کی وجہ شہرت بھی کوئی اچھی نہ ہے کو اپنا مشیر مقرر کررکھا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ریٹائرڈ افسر اپنے مفادات کی خاطر چیف افسر اور ایم او پلاننگ کا استعمال کررہا ہے اور وہ لوگ بھی تکنیکی مشوروں کے ذریعے پیسے کمانے کی لالچ میں اندھے اور بہرے نظر آرہے ہیں۔