اقبال ڈے چھٹی، سموگ لاک ڈاﺅن، جیلوں میں قیدیوں، حوالاتیوں سے ملاقات کیلئے ورثاءپریشان

لاہور (مرزا ندیم بیگ) علامہ اقبال ڈے اور سموگ کی وجہ سے ہونیوالی چار چھٹیوں کی وجہ سے پنجاب بھر کی جیلوں میں بند قیدیوں اور حوالاتیوں سے ملاقات کیلئے آنے والی فیملیاںاپنے پیاروں سے ملاقات نہ ہونے کے باعث پریشان رہیں ،جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والوں کچھ افراد کا کہنا ہے کہ ان کے علم میں حکومت نے جو چار چھٹیاں دی ہیں اس کا تو پتہ تھا لیکن یہ علم نہیں تھا کہ جیلوں میں ملاقاتیں بند ہیں جبکہ دیگر افراد کا کہنا تھا کہ ان کو روزی روٹی کے علاوہ ہوش ہی نہیں ملک میں کیا چل رہا ہے یہ جاننے کے لئے وقت ہی نہیں ہوتا جیل میں بند اپنے رشتہ داروں سے ملنے کیلئے بڑی مشکل سے ٹائم نکال کر آنا پڑتا ہے کیونکہ جیلوں میں ملاقاتوں کے لئے دن مقرر ہیں اس کے بعد ملاقات ہو نہیں سکتی پھر اگلے ہفتہ باری آتی ہے اب معلوم نہیں تھا کہ جیلوں میں چھٹیوں کی وجہ سے ملاقاتیں بھی بند کر دی گئی ہیں اب یہاں آنے پر پتہ چلا ہے جو کھانا وغیرہ بنا کر لائے تھے وہ بھی اب واپس لیکر جانا پڑے گا اور کپڑے وغیرہ بھی لائے تھے اب سب کچھ اگلے ہفتے پر پڑ گیا کیونکہ ملاقات طے شدہ دن کے علاوہ ہو نہیں سکتی ان کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات کے ذمہ داران کو چاہئے تھا کہ اس بارے میں کوئی ایسا سسٹم اپناتے تاکہ ہمارے علم میں آ جاتا کہ آج یا کل ملاقات نہیں ہو سکتی اگر یہ بھی ممکن نہیں تھا کسی وجہ سے تو دوسری سہولت یہ دیتے کہ ملاقاتیں جب شروع ہونی ہیں دو چھٹیوں میں جو ملاقات نہیں کر سکے ان کی بھی ملاقات کی اجازت دی جاتی ،اس حوالے سے ترجمان جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کے چھٹیوں کے احکامات ملنے پر صرف دو دن جیلوں میں ملاقاتیں نہیں ہو سکیں گی۔ ہفتہ کے روز سے معمول کے مطابق پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں ملاقاتیں کروائی جائیں گی قیدیوں کے گھر والے عزیزو اقارب روٹین کے مطابق ملاقات کر سکیں گے۔