انسداد ڈینگی اقدامات میں نرمی نہیں آنی چاہیے، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد
فیصل آباد(بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی شہریوں کو ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے بچانے کے لئے بھرپور انسدادی اقدامات کررہی ہے تاہم ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لئے شہری احتیاطی تدابیر پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کریں۔انہوں نے یہ بات پرتاب نگر جھنگ روڈکی گلی محلوں میں جاکر اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر نے گھروں پر دستک دیکر شہریوں سے انسداد ڈینگی ٹیموں کی طرف سے سرویلنس کرنے کے بارے میں دریافت کیااورکہا کہ احتیاطی تدابیر اپنا کر ہی ڈینگی سے محفوظ رہا جاسکتاہے۔انہوں نے بتایا کہ درجہ حرارت میں تبدیلی کے باوجود بھی ڈینگی کے مریض رپورٹ ہورہے ہیں لہذا انسدادی اقدامات کو مزید چوکس اور وہ خود فیلڈ میں سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لاروا برآمد ہونے پر یونین کونسلز کی سویپنگ کی جاتی ہے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار نے سرویلنس سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے سرویلنس سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ انسدادی اقدامات میں نرمی نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے گزشتہ مہینوں میں رپورٹ ہونےوالے ڈینگی کے مریضوں کو ٹریس کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان ڈور سرویلنس پرتوجہ بڑھائیں اور عوامی آگاہی کا سلسلہ جاری رکھیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کوئی شکایت حل ہوئے بغیر نہیں رہنی چاہیے جبکہ ہاٹ سپاٹس کی مسلسل سرویلنس کی جائے۔اجلاس میں ایف ڈی اے اور پی ایچ اے کے افسران کی غیر حاضری پر ڈپٹی کمشنر نے ہیلتھ اتھارٹی کوہدایت کی کہ میٹنگ میں ممبران کی حاضری سو فیصد ہونی چاہیے۔



















