پارٹی رہنماانتخابات کی تیاری کریں،موقع ملا تو ترجیح معاشی بہتری ہوگی، نوازشریف

لاہور(اپنے رپورٹرسے) نوازشریف نے 4 سال بعد باقاعدہ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا، مریم نواز کےساتھ جاتی امرا سے (ن) لیگ مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے تو پرتپا ک استقبال کیا گیا، قائد (ن) لیگ نے پارٹی رہنماﺅں سے ملاقاتیں اور مشاورتی اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں شہبازشریف، مریم نواز، اسحاق ڈار، احسن اقبال، مریم اورنگزیب و دیگر رہنما شریک تھے۔

قائد (ن) لیگ نوازشریف نے پارٹی رہنماﺅں کو عام انتخابات کی بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا موقع ملا تو ترجیح معاشی بہتری ہوگی، ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے، جلد پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے، 1999 سے شروع ہونے والی رفتار جاری رہتی تو ایشیا میں سب سے آگے ہوتے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 4 سال ڈالر کو ہلنے نہیں دیا، 104 روپے پر ڈالر کو روکا، آئی ایم ایف نے خود کہا پاکستان جلد پاﺅں پر کھڑا ہوجائیگا اور اب پاکستان کو ہماری ضرورت نہیں ہوگی، معاشی بحالی کےلئے استحکام لازم ہے، سب کو ملکر ملکی ترقی کےلئے کام کرنا ہوگا، سابق وزیراعظم نے کہا مقصد پاکستان کو مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی سے پاک کرنا ہے،ن لیگ نے پہلے بھی ترقی کی سیاست کی اور آگے بھی سفر جاری رہیگا، کارکنوں کے تاریخی جذبے و قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتا، ماضی کی تینوں حکومتوں میں معیشت ایجنڈے کا بنیادی نکتہ رہا، معیشت کے موضوع میں صنعت ، برآمدات و مہنگائی سمیت سب کچھ ہی آجاتا ہے، عوام کی خدمت سے بڑی خوشی کسی اور چیز سے نہیں ملتی۔

نوازشریف نے کہا تمام بڑے بڑے منصوبے ن لیگی دور میں ہی لگے چیمبرز، صنعتکاروں سمیت تمام شعبوں کی مشاورت سے چلیں گے، کاروباری برادری کی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں گے، پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنائیں گے، نجی شعبے کا کردار بڑھائیں گے۔

اجلاس کی اندورنی کہانی کے مطابق اہم بیٹھک میں معاشرے میں عدم برداشت و نفرت انگیز سیاسی فضا کو ختم کرنے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ نوازشریف کی تجویز پر آل پارٹیز کانفرنس کی طرز پر تمام جماعتوں کی کانفرنس منعقد کرنے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ پارٹی رہنماوں نے نوازشریف سے کہاآپ نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کے سینئر ترین رہنما ہیں۔ ملک و سیاست کو خدمات کی مزید ضرورت ہے،ذرائع کے مطابق (ن) لیگ نے پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

پارٹی رہنماوں کی تجویز پر نوازشریف ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے۔ قائد (ن) لیگ نے سینیٹر اسحاق ڈار کو سیاسی جماعتوں سے رابطے کی ذمہ داری سونپتے ہوئے کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں رانا ثنا، سعد رفیق، ایاز صادق و دیگر شامل ہیں۔ لیگی قائدین پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام، (ق) لیگ، ایم کیو ایم، استحکام پاکستان پارٹی، سندھ و بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں، خیبرپختونخوا کی عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے رابطے کرینگے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی منظوری کے بعد لیگی قیادت نے تحریک انصاف کی دستیاب قیادت سے بھی رابطے و بات چیت کا فیصلہ کیا، لیگی رہنما الیکشن ڈے کے رولز آف گیم پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے ، 2018 میں انتخابات کے دوران آر ٹی ایس بیٹھنے جیسے واقعات سے نمٹنے کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ تجاویز پر الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا جائےگا،نواز شریف کی ہدایت پر لیگی قیادت تمام سیاسی جماعتوں سے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کریگی، تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایسا انتخابی ماحول بنایا جائیگا جس میں کوئی جماعت دوسری جماعت پر ناجائز اعتراض نہ کرے۔

اجلاس میں تجویز دی گئی انتخابی مہم کے دوران تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشور کے مطابق ایک دوسرے پر تنقید ضرور کریں لیکن تہذیب و اخلاق کا دامن نہ چھوڑا جائے۔

صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے (ن) لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تمام سیاسی جماعتیں لیول پلینگ فیلڈ کا رونا چھوڑ کر انتخابات کی تیاری کریں‘ عوام نے نواز شریف کو چوتھی بار وزیر اعظم بنانے کے حق میں اعلان کردیا اسلئے رونا آپ کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے ،شرجیل میمن کہہ رہے ہیں پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی پھر انہیں کہاں سے لیول پلینگ فیلڈ نہیں مل رہی، نوازشریف کو بلیک لا ڈکشنری کا سہارا لے کر منصب سے ہٹایا گیا، تصحیح ہونا ملک کی بہتری ہے ،نواز شریف 8فروری کو انتخابات لڑیں گے اور عوامی ووٹ کی طاقت سے چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے۔

سعد رفیق نے کہا ڈیل کی خبریں بے بنیاد ہیں، نواز شریف نے واپس آنا ہی تھا، الیکشن میں سب کو حصہ لینے کا حق ہونا چاہئے، بیلٹ پیپر پر تمام جماعتوں کے نشان ہونے چاہئیں ، لیگ کی کوئی بی ٹیم نہیں، ہر حلقے میں کئی کئی امیدوار موجود ہیں، کسی کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت ہوگی تو خود رابطہ کریگا، نوازشریف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کر دیں ، جلد سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقاتیں شروع کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا تمام جماعتوں سے رابطوں کا لیڈر شپ بتائے گی،سب کو لیول پلینگ فیلڈ ملے گی، کہیں بھی کوئی گڑھا نہیں۔

مزید برآں صدر ن لیگ شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد کو سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کےلئے مدعو کرلیا۔ شہبازشریف نے ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی کو فون کیا، ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کا 3رکنی وفد منگل کو نواز شریف سے ملاقات کریگا۔