ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر نگرانی پسپ پروگرام کے تحت جاری شہر کی معروف ترین ہائی سٹریٹ پر اسفالٹ کا کام مکمل ہوگیا ہے اور اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ اسفالٹ مکمل ہونے کے بعد سڑک پر موجود تین چوراہوں کی ری ماڈلنگ کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے جسے ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائیگا۔ یہ بات سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے کمشنر آفس میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اسفالٹ کا کام مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ مڈھالی روڈ کی بحالی کا کام بھی مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے سیوریج لائن بچھانے کے کام میں سست روی اور ٹائم لائن کی پابندی نہ کرنے پر متعلقہ کمپنیوں پر جرمانہ عائد کرنے اور انہیں اظہار ناراضگی کے خطوط لکھنے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے بغیر فیس ادا کئے رہائشی عمارتوں کا کمرشل استعمال کرنے والوں کے خلاف مہم تیز کردی گئی ہے اور اب تک 110بلڈنگ مالکان کو نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔ یہ بات چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے 61سکول، 41 بنک اور8 چائے خانے شامل ہیں جبکہ کنورژن فیس ادا نہ کرنے پر48مقدمات بھی درج کروائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کارپوریشن فیس کی اقساط میں ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ مالکان پر غیرضروری مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
ساہیوال ڈویژن، بغیر فیس رہائشی عمارتوں کے کمرشل استعمال کرنیوالوں کیخلاف مہم تیز



















