اسرائیل کی غزہ پر ایٹم بم گرانے کی د ھمکی،امت مسلمہ فلسطین کا ساتھ دے:فضل الرحمن

غزہ ،تل ابیب،عمان،دوحہ ،نیویارک(مشرق نیوز) اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری ،رات گئے المغازی کیمپ پر بڑا فضائی حملہ ،50سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق ترجمان وزارت صحت اشرف القدریٰ نے بیان میں کہا غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے المغازی کیمپ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونےوالے 30 افراد کی لاشیں دیر البلاح کے الاقصیٰ شہدا ہسپتال پہنچائی گئیں،حماس نے ٹیلی گرام پر پوسٹ بیان میں کہا اسرائیل نے عام شہریوں کے گھروں پر براہ راست بمباری کی ، شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں،اسرائیلی فوج نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے گھر پر بھی ڈرون حملہ کیا۔

ادھر اسرائیلی وزیر نے دعویٰ کیا اسرائیلی حملوں میں حماس کے 12 کمانڈرز مارے گئے ،اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کا مکمل گھیراو¿ کر رکھا ہے، غزہ جنگ جیتنے کےلئے اسرائیلی فوج کے پاس کئی آپشنز ہیں ،آخری اور حتمی اقدام ایٹم بم گرانا ہے،ٹائم آف اسرائیل کے مطابق ریڈیو انٹرویو میں غزہ پر ایٹمی حملے پرپوچھے گئے سوال کے جواب میں ثقافت و کلچر کے وزیر امیچائی الیاہو نے کہاغزہ پر ایٹم بم گراسکتے ہیں،فلسطین یا حماس کا جھنڈا لہرانے والے کو سرزمین پر زندہ نہیں رہنا چاہیے۔

دریں اثنا انتہائی دائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھنے والے الیاہو نے غزہ میں انسانی ہمدردی کے تحت بھیجی گئی عالمی امداد کی ترسیل کی اجازت پر اعتراض کرتے ہوئے غزہ میں انسانی المیہ پیدا ہونے اور بچوں سمیت خواتین کے قتل عام کو پروپیگنڈا قرار دےدیا،فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے اسرائیلی فضائی حملوں سے 60 یرغمالی لاپتہ ہو گئے۔

صہیونی فوج کے مظالم بھی غزہ کے معصوم بچوں کے عزم کومتزلزل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے،سب مشکلات کے باوجود غزہ کے بچے پرعزم ہیں اپنی سرزمین چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے ، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں غزہ کے بچے فلسطین کا معروف انقلابی ترانہ گارہے ہیں جس کا مطلب ہے ” اللہ سے وعدہ ہے غزہ نہیں چھوڑیں گے، اللہ سے وعدہ ہے بھوکے مرجائیں گے لیکن ذلت کا راستہ اختیار نہیں کریں گے “۔

مزید برآں اسرائیلی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہاہے غزہ جنگ کے نتیجے میں اسرائیل کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوگا،رقم اسرائیل کے جی پی ڈی کے 10 فیصد حصے کے برابر ہے۔

مزید برآںوسطی افریقہ کے ملک چاڈ نے بھی اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا،غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چاڈ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا وسطی افریقی ملک نے غزہ میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کی وجہ سے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا،وزارت خارجہ نے غزہ میں معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہوئے کہا چاڈ مشرق وسطیٰ کی صورت حال، خاص طور پر غزہ میں ہونےوالی ہلاکتوں پر تشویش کےساتھ نظر رکھے ہوئے ہے،غزہ میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر سفیر کو مشاورت کےلئے اسرائیل سے واپس بلانے کا فیصلہ کیا،غزہ میں ایسی جنگ بندی کی جائے جو فلسطین کے مستحکم حل کی طرف جائے۔

علاوہ ازیںاردن میں عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کی گول میزکانفرنس میں شرکت کے دوران ایک بار پھر امریکہ نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرتے ہوئے جنگ بندی کے مطالبے کو رد کر دیا۔

عرب رہنماوں سے ملاقات کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا اسرائیل کو اپنے شہریوں کی حفاظت کے تمام اقدامات کرنے چاہئیں، اسرائیل کے حق دفاع کی حمایت کرتے ہیں،عمان میں عرب وزرائے خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انٹونی بلنکن نے کہا حماس کو فلسطینیوں کے حال اور مستقبل سے کوئی دلچسپی نہیں، غزہ میں ابھی جنگ بندی کرنے سے حماس کو دوبارہ منظم ہونے اور حملے کرنے کا موقع مل جائے گا۔

گول میز کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفدی نے کہا غزہ میں وحشیانہ کارروائیوں کو دفاع قرار نہیں دیا جا سکتا، معصوم شہریوں کے قتل عام، ہسپتالوں، ایمبولینسوں، سکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر حملوں کو اسرائیل کا حق دفاع نہیں سمجھتے،مصری وزیر خارجہ نے غزہ میں غیر مشروط و فوری جنگ بندی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا بین الاقوامی برادری کی ہمیشہ ذمہ داری ہوتی ہے تنازعات میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اردن کے دارالحکومت عمان میں امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے عرب امریکی بیٹھک کے موقع پر ملاقات کی،دونوں رہنماوں نے فوجی کارروائیوں میں اضافے کو روکنے کی کوششوں کی حمایت کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، انسانی بحران کو بڑھنے سے روکنے کےلئے انسانی و طبی امداد متعارف کرانے کےلئے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

سعودی وزیر خارجہ نے غزہ کے باشندوں کی جبری نقل مکانی کو سعودی عرب کی جانب سے واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا سعودی عرب شہریوں کو کسی بھی طرح سے نشانہ بنانے یا روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے والے بنیادی ڈھانچے اور اہم مفادات کو متاثر کرنے کی پرزور مذمت کرتا ہے۔


بعدازاںامریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مغربی کنارے کے دورے پر پہنچے ،فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی،امریکی وزیر خارجہ نے کہا امریکہ تنازع کا فوری حل چاہتا ہے، تنازع پھیل گیا تو پورے خطے کو لپیٹ میں لے لے گا،انٹونی بلنکن نے کہا غزہ میں فوجی کارروائیاں روکنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، غزہ میں امداد پہنچانے کیلئے بھی کوشاں ہیں،فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، اسرائیل بچوں اور خواتین کا قتل عام بند کرے۔


علاوہ ازیں سابق امریکی صدر بارک اوبامہ نے کہا فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابل برداشت ہے ، کسی نہ کسی حد تک سب شریک ہیں، سب کچھ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کےلئے دیرپا امن کے حصول میں دہائیوں کی ناکامی کی وجہ سے ہو رہا ہے،7 اکتوبر کا حملہ ہولناک تھا، کوئی جواز نہیں، اسرائیل حماس جنگ کی باریک بینی سمجھنا ضروری ہے، کسی کے ہاتھ صاف نہیں ،اوبامہ نے”اوبامہ فا ونڈیشن“ کے ڈیموکریسی فورم میں بات کرتے ہوئے تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل اور ”قبضے“کے خاتمے پر زور دیا، سابق امریکی صدر نے اسرائیلی قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیل ،حماس کے درمیان لڑائی کو ”ہم سب کےلئے اخلاقی حساب کتاب“قرار دیا۔


دوسری جانب سربراہ جمعیت علما اسلام فضل الرحمن نے قطر میں حماس رہنماو¿ں اسماعیل ہانیہ اور خالد مشعل سے ملاقات کی،وفد کےساتھ قطر میں موجود جے یو آئی سربراہ فضل الرحمن نے حماس رہنماو¿ں سے مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشد محمود سومرو اور مفتی ابرار احمد بھی شریک ہوئے،اس موقع پر فضل الرحمن نے کہا اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔

حماس رہنما اسماعیل ہانیہ نے کہا امت مسلمہ کا فرض ہے اسرائیلی مظالم کےخلاف متحد ہو جائے، انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لے کر تل ابیب پہنچ رہے ہیں، امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کیلئے میدان میں نکلے اور اپنی ماوں بہنوں ،بھائیوں کی مدد کرے،خالد مشعل نے کہا فضل الرحمن پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں، کشمیر ، فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

فضل الرحمن نے کہا ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچوں ،خواتین کے خون سے رنگے ہیں، فلسطینی صرف اپنی زمین ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کی طرف سے فرض ادا کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، وقت آ گیا ہے امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔