گوجرانوالہ(بیورورپورٹ) نگران حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی ہدایات پر نافذ کردہ ایمر جنسی کے تحت ماحولیاتی آلودگی کے باعث سموگ آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کی ٹیموں کا کریک ڈاون جاری، ضلع میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں،کھلے مقامات پر مضر صحت دھاتیں جلانے، ماحول دوست ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بغیر چلنے والے صنعتی یونٹس، گودام اور بھٹیاں سیل، 04 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ، مقدمات کے اندراج محکمہ تحفظ ماحولیات کی طرف سے استغاثے دائر کردیئے گئے۔
آلودگی کے روک تھام کے لیے کاروائیاں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ افسران اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی) وقاص سکندری، (صدر) میاں توصیف حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات امتیاز احمد چوہدری اور محکمہ ماحولیات اور پولیس کی ٹیموں نے شہرکے مختلف علاقوں میں کیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ کو ہرگز آگ نہ لگائیں، پلاسٹک بیگز کے استعمال کو ترک یا بہت محدود کریں۔ سموگ آلودگی آنکھوں، سانس اور پھیپھڑوں کی متعدد خطرناک بیماریوں کا سبب ہے۔ باہر نکلتے وقت فیس ماسک، چشمے کا استعمال کریں، سفر سے واپسی پر ہاتھوں، چہرے اور آنکھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اس مہم کا حصہ بنیں اور اپنی گاڑیوں، ٹرکوں، رکشوں وغیرہ کے انجن کو آئل بروقت تبدیل کرائیں تاکہ گاڑیاں آلودہ دھواں فضا میں نہ چھوڑیں۔ یہ شہر ہمارا ہے اور اس صفائی ستھرائی رکھنا ہم سب کی مشترکہ زمہ داری ہے۔
گوجرانوالہ انتظامیہ کاسموگ کا سبب بننے والے یونٹس کیخلاف کارروائی



















