اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ترکیے کے ساتھ خصوصاً اقتصادی شعبے میں کثیرجہتی تذویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ترکیے کے 100 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ترک عوام کے نام ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا حکومت نے ترکیہ کےساتھ اشیاءکی تجارت کے معاہدے اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک پر دستخط سمیت اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کےلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں،نگران وزیراعظم نے کہا گہری اقتصادی شراکت داری اور مضبوط رابطے آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعلقات آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے،انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور ترکیے کے درمیان مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا،انہوں نے کہا اعلیٰ سطحی تذویراتی تعاون اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک سمیت ادارہ جاتی طریقہ کارکے تحت دفاع، صحت، تعلیم، زراعت، سیاحت، ثقافت اوراقتصادی شعبوں میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے،نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گزشتہ 100سال کے دوران خصوصاًصدر رجب طیب اردگان کی متحرک قیادت میں ترکیے کی شاندار ترقی کو سراہا، انہوں نے کہا پاکستانی عوام جمہوریہ ترکیہ کی دوسری صدی کے آغاز پر ترکیہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں ، خدا کرے کہ دونوں اقوام کے مابین یہ محبت و احترام کا منفرد رشتہ ہمیشہ ایسے ہی قائم رہے۔
پاک، ترکیہ سٹرٹیجک تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے:نگران وزیراعظم



















