اراضی ریکارڈ کے مشترکہ کھاتوں کی تقسیم ایک انقلابی منصوبہ ہے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ محکمہ مال میں اراضی ریکارڈ کے مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کا منصوبہ بیجا مقدمہ بازی اور لڑائی جھگڑے روکنے کا ایک انقلابی منصوبہ ہے جس پر عملدر آمد سے ہر مالک کا کھیوٹ نمبر الگ ہو گا اور وہ اپنے ملکیتی زمین کا اکیلا مالک ہو گا،”ویلے تے ونڈ ،وٹاں دی سانجھ“کے نعرے پر عملدرآمد ہونے سے نہ صرف ریونیو ریکارڈ کی درستگی ہوگی بلکہ اس سے کورٹ کیسز میں بھی بڑی حد تک کمی واقعہ ہو گی۔ انہوں نے یہ بات اراضی ریکارڈ کے کمپیوٹرائزڈ نقشہ جات کے منصوبے کے تحت منعقدہ ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) اکرام الحق ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو )اعتزاز اسلم مارتھ، (فنانس) یاسر فرید اور (جنرل) سید عثمان بخاری، انوائرمنٹ سپیشلسٹ بورڈ آف ریونیو (پلس پراجیکٹ)حافظ عبدالغفور،سوشل سیف گارڈ سپیشلسٹ ملک وسیم ،جی آئی ایس سپیشلسٹ رانا سہیل اسلم اور لیگل سپیشلسٹ عبداللہ اقبال ،اسسٹنٹ کمشنرز محمد عظمان چوہدری اور مہتاب احمد خان، جنرل اسسٹنٹ (ریونیو) رانا اعجاز احمد ،تحصیلدار محمد رفیق اور ایس این اے خرم سلیم سمیت ضلع بھر کے ریونیو افسران ،قانگو اور پٹواریوں کے کثیر تعداد نے شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ حکومت کا واحد مقصد عوام کی زندگیوں میں آسانی لانا ہے اور اس پراجیکٹ کا بنیادی مقصدبھی عوام کے درمیان جائیداد کے تنازعات کو کم کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی میں محکمہ ریونیو کے فیلڈ سٹاف کا کلیدی کردار ہے جنہیں اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی اور خدمت خلق کے جذبے سے سر انجام دینی چاہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) اکرام الحق نے حکومت کی طرف سے تفویض کردہ مختلف ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے ادا کرنے پر محکمہ ریونیو کے فیلڈ سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ای رجسٹریشن کے عمل کو کامیاب بنانے میں تحصیلدار ساہیوال رفیق کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے ضلع ساہیوال میں جاری پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دو ماہ میں 30ہزار ڈیجیٹل ونڈے کئے گئے ہیں جو عام آدمی کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 3دیہات میں یہ منصوبہ خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا چکا ہے اور یکم نومبر سے ضلع کے 150 مزید موضعات میں اس کا آغاز کیا جائے گا جسے دو ماہ میں مکمل کر نے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے -انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع ساہیوال میں تقسیم کا یہ پورا منصوبہ جون 2024تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس سے پہلے بورڈ آف ریونیو کے جی آئی ایس سپیشلسٹ رانا سہیل اسلم نے منصوبے کی جزیات بارے تفصیلی بریفنگ دی اور فیلڈ ورک کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو دور کرنے کیلئے شرکاءکے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ دریں اثناءڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں زیر تعمیر ٹراما سنٹر کے نظر ثانی منصوبے کی منظوری، ہسپتال میں جاری یہ منصوبہ 12کروڑ53لاکھ65ہزار روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ خصوصی اجلاس کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ڈاکٹر ذیشان حنیف اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان سمیت تمام ممبران نے شرکت کی۔ کمشنر نے محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی کہ نظرثانی منصوبے کی منظوری کے بعد درکار فنڈز کو یقینی بنایا جائے گا اس لئے ضروری ہے کہ جاری کام کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے پر کام کی رفتار اور کوالٹی کی مانیٹرنگ جاری رکھیں۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں 15بیڈز کا ٹراما سنٹر ابتدائی تخمینہ کے مطابق10کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ہے تاہم پورے فنڈز کی عدم فراہمی اور تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر سکیم پر لاگت 12کروڑ53لاکھ روپے سے زائد لگائی گئی جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورے کے دوران اس سکیم کو مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا علامہ اقبال روڈ پر کارپٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار، پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی، ہائی سٹریٹ کی کارپٹنگ کا جاری کام بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ علامہ اقبال روڈ کے کناروں پر موجود مٹی کو بھی صاف کیا جائے اور اگلے مرحلے میں درخت لگانے اور میڈین میں سٹریٹ لائٹس لگانے کا کام شروع کیا جائے۔ سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ مشن چوک سے مال منڈی چوک تک اسفالٹ کا کام آج مکمل ہو جائے گا جبکہ مال منڈی چوک سے مشن چوک تک اسفالٹ پہلے ہی ڈالی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کل بروز جمعہ کاروباری چھٹی کی وجہ سے ہائی سٹریٹ کا کام تیزی سے مکمل کیا جائیگا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے سیوریج پائپ ڈالنے کے بعد سڑکوں کی مرمت کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایکسین ہائی وے میاں افتخار نے ساہیوال بائی پاس پر جاری تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے لائن پر گارڈر ڈالنے کا کام آج رات مکمل ہو جائیگا جس کے بعد سڑک اور پل کی تعمیر کے کام میں تیزی آئیگی اور اسے 30نومبر کی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی مکمل کر لیا جائیگا۔