اسلام آباد(بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا سزا کےخلاف اپیل کا حق بحال کر دیا،مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال ہائیکورٹ سے باہر اور وکٹری کا نشان بنایا، سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے روانہ ہوگیا،سزا کےخلاف اپیل بحال کرنے کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، دوران سماعت، نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی حمایت کی،نیب پراسکیوٹر جنرل احتشام قادر دلائل دینے کےلئے روسٹرم پر آئے اور کہا ریفرنس واپس لینے کی گنجائش صرف اس صورت میں ہے جب فیصلہ نا سنایا گیا ہو، ہم نے ان اپیلوں پر غور کیا ہے، دونوں کیسز کے حقائق اور قانون کا جائزہ لیا گیا ہے، پہلے ایون فیلڈ کیس سے متعلق بتانا چاہتا ہوں،ریفرنس سپریم کورٹ کے حکم پر دائر کیے تھے، سپریم کورٹ نے ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا بلکہ جے آئی ٹی بھی تشکیل دی،پراسکیوٹر جنرل نیب نے دلائل میں کہا سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جے آئی ٹی قائم ہوئی اور احتساب عدالت کے فیصلے کےخلاف اپیلیں دائر ہوئیں، ریفرنس واپس لینے کی گنجائش احتساب عدالت میں موجود تھی لیکن کریمنل اپیل سماعت کےلئے منظور ہونے کے بعد واپس نہیں لے سکتے، اپیل سماعت کےلئے منظور ہونے کے بعد عدم پیروی پر بھی خارج نہیں ہوسکتی،انہوں نے دلائل میں مزید کہا اگر اپیل دائر ہو جائے تو اس کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے، اگر ان اپیلوں کو بحال کریں گے تو پھر انہیں میرٹس پر دلائل سن کر فیصلہ کرنا ہوگا، میڈیا پر چلا کہ شاید نیب نے سرنڈر کردیا ہے لیکن ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے، بطور پراسکیوٹر جنرل میں قانون کے مطابق چیئرمین نیب کو ایڈوائس دینے کا پابند ہوں، پراسیکیوٹرز نے ریاست کے مفاد کو دیکھنے کےساتھ انصاف کی فراہمی بھی دیکھنی ہے اور اعلیٰ معیار کی پراسیکیوشن کرنا پراسیکیوٹر کی ڈیوٹی ہے،نیب پراسیکیوٹر نے کہا پراسیکیوٹر کی ذمہ داری ہے اگر کوئی شواہد ملزم کے حق میں تو اسے بھی نہ چھپائے، پراسیکیوٹر کو ملزم کےلئے متعصب نہیں ہونا چاہیے، نواز شریف کی دو اپیلیں عدم پیروی پر خارج ہوئیں اور اس کیس میں دائمی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے، اس عدالت نے آبزرو کیا تھا کہ جب اشتہاری سرینڈر کرے اس کےساتھ قانون کے مطابق کارروائی ہو،پراسیکیوٹر جنرل نیب نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا اپیلیں بحال کرنے پر نیب کو اعتراض نہیں ہے، عدالت اپیلیں بحال کرتی ہے تو ہمیں اعتراض نہیں ہے،چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے ہم نے آپ کو کہا تھا آپ اس سے متعلق مزید غور بھی کریں جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر اپیلیں بحال ہوئیں تو ہم دلائل دیں گے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا آپ فیصلے کے حق میں دلائل دیں گے جس پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا پہلے مرحلے میں ہمیں اپیلیں بحال کرنے پر اعتراض نہیں ہے،چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا اس وقت ہمارے سامنے اپیل بحالی کی درخواست ہے، پراسیکیوٹر جنرل نے کہا اپیلیں بحال ہوگئیں تو پھر شواہد کا جائزہ لے کر عدالت میں موقف اختیار کریں گے،نیب نے نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی حمایت کر دی، پراسیکیوٹر جنرل نیب نے واضح کیا چیئرمین نیب اور میری متفقہ رائے ہے کہ اپیل بحال ہونے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے،امجد پرویز ایڈوکیٹ نے کہا جب سزا معطل ہوئی تو عدالت نے ہر کسی کے رول کو واضح کیا تھا، مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس سے بریت کے فیصلے میں عدالت نے واضح کر دیا ہے، عدالت نے کہا نیب کو بارہا مواقع دیے گئے مگر تین مرتبہ وکلا کو تبدیل کیا گیا، عدالت نے فیصلے میں لکھا نیب نواز شریف کا کردار بھی ثابت کرنے میں ناکام رہا اور اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا ہے،نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے دلائل میں کہا کہ پراسیکیوٹر جنرل ایون فیلڈ ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت کا فیصلہ دیکھ لیں تو بہت سارے مسائل حل ہو جائیں گے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا نیب نے ابھی تک شریک ملزمان کی بریت کا فیصلہ چیلنج نہیں کیا؟ مریم نواز کی حد تک عدالت کو بتایا گیا تھا کہ جب فلیٹس خریدے گئے تو مریم نواز کی عمر تقریباً 18 سال تھی،وکیل امجد پرویز نے کہا عدالت نے جب سزا معطل کی تو اس وقت تمام ملزمان کے کردار کو الگ الگ بیان کیا گیا، عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا نواز شریف کے کردار کو ڈسکس کیے بغیر اپیلوں پر فیصلہ نہیں ہوسکتا،اعظم نذیر تارڑ نے کہا اپنے 30 سالہ کیریئر میں کبھی نہیں دیکھا کہ ملزم کے سرنڈر کرنے کے بعد اپیل بحال نہ ہوئی ہو، اعظم نذیر تارڑ نے اپیلیں بحال کرنے سے متعلق اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے پڑھ کر سنائے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا جہاں تک ”گرل“ کا معاملہ ہے اس کا اس کیس میں کردار نہیں بنتا تھا: جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مریم نواز کا حوالہ دیتے ہوئے ”گرل“ کا لفظ استعمال کیا،پراسکیوٹر جنرل نیب نے کہا درخواست گزار نے جس لمحے سرنڈر کیا اس نے خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آپ نواز شریف کی گرفتاری چاہتے ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر جنرل نے کہا پہلے ہی بتا چکا ہوں بالکل بھی نہیں،نواز شریف کے وکلاءنے ایون فیلڈ ریفرنس میں ضمانت بحالی سے متعلق عدالتی فیصلے پیش کیے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس میں کہا آپ کو کیا خدشہ ہے، نیب نواز شریف کو گرفتار ہی نہیں کرنا چاہتا،چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا نیب کو نواز شریف کی اپیلیں بحال ہونے پر کوئی اعتراض نہیں؟ جس پر پراسیکیوٹر جنرل نیب کہا کہ ہمیں اپیلیں بحال ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔ چیف جسٹس نے پراسیکیوٹر جنرل نیب سے استفسار کیا کہ کیا آپ نواز شریف کو گرفتار نہیں کرناچاہتے؟،پراسیکیوٹر جنرل نیب نے واضح بتایا کہ ہم پہلے بھی بتا چکے کہ نواز شریف کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے، عدالت کے کسی فیصلے میں نواز شریف کو گرفتار کرنے کا حکم نہیں ہے، زیادہ سے زیادہ عدالت نواز شریف سے نئے ضمانتی مچلکے طلب کر سکتی ہے،پراسیکیوٹر جنرل نیب نے ریمارکس میں کہا پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بڑی واضح پوزیشن لے لی ہے،دلائل کے بعد عدالت نے اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا،ججز کمرہ عدالت سے اٹھ کر چیمبر میں چلے گئے، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے ترازو کے پلڑے برابر ہونے سے ہی پاکستان بحرانوں سے نکلے گا، انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) پر جاری اپنے بیان میں کہاہے اللہ تعالی کےلئے تمام تعریف ہے جو ظلم مٹاتا، سچائی کو عیاں کرتا اور مظلوموں کی دستگیری فرماتا ہے، علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا اپیلیں بحال ہونا نا انصافی کے خاتمے کی طرف پیش رفت ہے جس کا شکار پچھلے سات سال سے پاکستان تھا اور جس کے نتیجے میں پاکستان آج کے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آئندہ ہفتے سے اپنی سیاسی مصروفیات کا آغاز کریں گے،پارٹی قائد نواز شریف نے پارٹی کو بھرپور تیاریوں اور 9نکاتی ایجنڈے کے تحت انتخابی منشور تیار کرنے کی ہدایت کردی،ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی کو ملک بھر میں بھرپور طریقے سے اور تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت ملک بھر میں جلسے، ورکرز کنونشن اور دیگر تقاریب منعقد ہوں گی جب کہ انتخابی سرگرمیوں کے شیڈول کی تیاری بھی شروع کردی گئی،ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی کا انتخابی منشور تیار کرنے کےلئے کمیٹی کو ٹاسک دےدیا ، انتخابی منشور نواز شریف کے 9 نکاتی منشور کی روشنی میں تیار کیا جائےگا،9 نکاتی ایجنڈے میں سرکاری اور انتظامی اخراجات میں کمی، خودمختار خارجہ پالیسی، آمدنی و محصولات میں اضافہ اور ٹیکس کے نظام میں بنیادی اصلاحات شامل ہیں،برآمدات میں اضافے کےلئے فوری اور ہنگامی نوعیت کے اقدام، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں انقلاب، توانائی (بجلی گیس) کی قیمتیں کم کرنا نو نکاتی ایجنڈے کا حصہ ہے،خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی انتظام کاری، نوجوانوں اور خواتین کےلئے روزگار کے مواقع، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلاب اور نظام عدل وانصاف میں اصلاحات بھی 9 نکاتی ایجنڈے میں شامل ہیں،سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے پوری امید ہے انتخابات وقت پر ہوں گے،مسلم لیگ ن کے صدر سے سوال کیا گیا آپ نے کہا تھا نیب سیاستدانوں کےخلاف استعمال ہوتی رہی، اب نواز شریف کےخلاف استعمال ہوئی، کیا سیاسی جماعتوں کےساتھ نیب کے سیاسی استعمال کے بند ہونے پر بات ہونی چاہیے،شہباز شریف نے جواب دیا میاں صاحب اس بات پر متفق ہیں۔
ایون فیلڈ ، العزیزیہ ریفرنسز، نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیلیں بحال



















