عمران، قریشی پر فرد جرم عائد،بددیانتی سے سائفر تحویل میں رکھا، چارج شیٹ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سائفر کیس میں عمران، قریشی پر فردجرم عائد، دونوں نے صحت جرم سے انکار کردیا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا جھوٹا، من گھڑت و سیاسی انتقام پر مبنی کیس ہے، بےگناہی ثابت کروں گا جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی صحت جرم سے انکار کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے جج سے مکالمے میں کہا قوم کو مبارک ہو مینڈیلا واپس آگیا، عدالت نے شاہ محمود قریشی سے استفسار کیا چارپائی مل گئی، انہوں نے جواب دیا جی مل گئی۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ دوران سماعت وکلا صفائی کی جانب سے فردجرم کی کارروائی روکنے کی درخواست پر پراسیکیوٹر شاہ خاور نے موقف اختیار کیا تاخیری حربہ ہے، کارروائی صرف فردجرم کےلئے ہے، درخواست خارج، فرد جرم عائد کی جائے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا فردجرم عائد کی جاتی ہے۔ خصوصی عدالت نے سرکاری گواہوںکو طلب کرتے ہوئے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، پولیس کی اضافی نفری تعینات رہی۔

دریں ثنا سائفر کیس کی چارج شیٹ کے مطابق سابق وزیراعظم پر خفیہ دستاویز غلط طریقے سے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے، معلومات غیر ضروری افراد تک پہنچانے و ملکی سلامتی داو پر لگانے کے الزامات ہیں۔ شاہ محمود قریشی کو شریک ملزم قرار دےدیا گیا۔

چارج شیٹ میں کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم غیرقانونی طور پر سائفر اپنے پاس رکھا، سیکرٹ دستاویز کو غلط طریقے سے استعمال کیا، سائفر پاکستان، امریکہ کے درمیان انتہائی خفیہ دستاویز تھی، سیکرٹ دستاویز کو ممنوع مقام و جلسے میں غلط طریقے سے استعمال کیا، سائفر کی خفیہ معلومات غیر ضروری افراد تک پہنچائی گئیں، ریاستی مفاد کیخلاف معلومات آگے استعمال کرنے کے مجاز نہیں تھے۔ وزارت خارجہ نے اعتماد کرتے ہوئے سائفر چیئرمین پی ٹی آئی کو دیا۔

چارج شیٹ میں مزیدکہا گیا ملزم نے سائفر اپنے پاس رکھتے ہوئے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، عمل سے سائفر و ملک کے سکیورٹی سسٹم پر کمپرومائز کیا گیا، بطور وزیراعظم آپ کے عمل سے ریاست پاکستان کا تحفظ متاثر ہوا، 28 مارچ 2022 کو سائفر اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا منصوبہ بنا۔

ادھر سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت و اخراج مقدمہ درخواستوں پر فیصلہ رواں ہفتے سنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق درخواستوں پر فیصلہ آئندہ 2 سے 3 دن میں سنایا جائیگا۔ یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے 16 اکتوبر کو سابق وزیراعظم کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کےخلاف سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا،چیف جسٹس ہائیکورٹ عامر فاروق نے دوران سماعت ریمارکس دئیے ایک سے زیادہ ملزم ہوں تو کسی ایک ملزم کی حد تک جیل ٹرائل کا آرڈر ہونا کافی نہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہانیا نوٹیفکیشن بھی ہو گیا ہے 13 اکتوبر کو جیل ٹرائل کاوہ پراسیکیوٹر نے دائر کرنا تھا مگر وہ ابھی ٹرائل کیلئے گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے علی بخاری سے استفسار کیا کیا آپ نے 13 اکتوبر والا نوٹیفکیشن دیکھا ہے؟ علی بخاری نے کہا جیل ٹرائل سکیورٹی کےلئے ہوتا ہے مگر اس میں اہلخانہ کو ٹرائل سننے کی اجازت ہوتی ہے ، عدالت نے کہا پریکٹس ہے یا کوئی قانون بھی موجود ہے؟ جیل ٹرائل اور ان کیمرا پروسیڈنگ کو آپس میں مکس کر رہے ہیں،علی بخاری نے عدالت کو بتایا ابھی اِن کیمرا پروسیڈنگ کا کوئی آرڈر نہیں ہوا، جیل ٹرائل میں پریزائیڈنگ افسر کے بہت اختیارات ہوتے ہیں، پریزائیڈنگ افسر ریکوسٹ نہیں آرڈر کرسکتا ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کو اور جیل میں سماعت کے وقت جگہ بھی بہت کم ہوتی ہے

جسٹس عامرفاروق نے نے کہا آپ نے جیل ٹرائل میں کوئی سماعت اٹینڈ کی ہے؟ علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا چھوٹے سے کمرے میں ٹرائل کےلئے عدالت لگائی جاتی ہے، چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیاکیا اڈیالہ جیل میں جگہ اتنی کم پڑ گئی ہے؟ وکیل شاہ محمود قریشی نے کہا جیل سماعت کے کمرے میں بمشکل 2،4 لوگ ہی بیٹھ سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کسی ملزم کو اپنے وکیل سے مشاورت کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، ملزم کی فرد جرم سے قبل وکیل سے مشاورت کی اجازت ہونی چاہیے،چیف جسٹس عامر فاروق نے شاہ محمود قریشی کی جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔