ارومچی(مشرق نیوز)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے دنیا بھر میں مقیم لوگ مذہب و نسل سے بالا تر ہو کر غزہ میں اسرائیلی بربریت کےخلاف آواز اٹھائیں،پاک چین دوستی کامنفرد رشتہ اعتمادو باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہے،سنکیانگ صرف تجارتی و مواصلاتی راہداری نہیں بلکہ 2 عظیم قوموں کو جوڑنے کاباعث بھی ہے،سی پیک نئے دور میں داخل ہو چکا، سی پیک بی آر آئی کے تحت جامع منصوبہ ہے،عوام کے درمیان رابطوں سے علاقائی امن کو فروغ ملے گا،چین میں تعلیم حاصل کرنےوالے پاکستانی طلبا ملک میں سیاحت کے فروغ کےلئے کردار ادا کریں۔
سنکیانگ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہاپاکستان چین سے لازوال تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کااعادہ کرتا ہے، ہمسایہ ہونے کےساتھ مشترکہ ثقافت کی وجہ سے سنکیانگ پاکستانیوں کے دلوں میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے،خنجراب بارڈر پاکستان ،چین کو ایک دوسرے سے منسلک کرتا ہے،سی پیک میں گوادر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے،سی پیک سے صنعتی ترقی، روزگار، معدنیات ،آئی ٹی کو فروغ ملے گا،خنجراب اور سوست بارڈر تجارت کےلئے مزیدسہولیات کی فراہمی کےلئے پر عزم ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاکوشش ہے زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلبا سنکیانگ میں تعلیم حاصل کریں، سیاحت کے فروغ کےلئے دو طرفہ اقدامات کئے جائیں گے، چین انتہائی خوبصورت ملک و اچھے لوگوں کا معاشرہ ہے، نوجوان کسی بھی معاشرے کی ترقی کا اہم جزو ہیں، ترقی کےلئے زندگی کامقصد متعین کرناہو گا، باہمی شراکت داری وقت گزرنے کےساتھ ساتھ مستحکم سے مستحکم ہوتی چلی جا رہی ہے،وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا دنیابھر سے امن سے محبت کرنے والے مختلف مذاہب ، علاقوں کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں وہ غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز اٹھائیں۔
بعدازاں انوار الحق کاکڑ سنکیانگ یونیورسٹی کے طلبا و طالبات میں گھل مل گئے،خیریت پوچھی۔
دریں اثنا وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ارومچی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی پولٹ بیورو کے مرکزی ممبر و سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے کے پارٹی سیکرٹری ما زنگروئی کے ساتھ ملاقات کی،وزیراعظم نے کہا چین کےساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد اور علاقائی امن و ترقی کا ضامن ہے، بیجنگ میں صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کےساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے چینی قیادت کے مضبوط ذاتی عزم کو سراہا۔
ما زنگروئی نے کہا متعدد شعبوں میں پاکستان ، سنکیانگ تعلقات کو گہرا کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے،دونوں فریقوں نے سنکیانگ اور پاکستان کے پڑوسی علاقوں کے درمیان تعاون کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کےلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
پاک چین دوستی اعتماد و باہمی احترام پرقائم،دنیا بھرمیں مقیم لوگ اسرائیلی بربریت کےخلاف آواز اٹھائیں،وزیراعظم



















