اسلام آباد (بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوسکیورٹی خدشات درپیش، جیل ٹرائل کرنے کی وجوہات حقیقی نوعیت کی ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا27 جون 2023 کو انسداد دہشتگردی عدالت کو ٹرائل کرنے کیلئے مقرر کیا گیا، آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت مجسٹریٹ یا بہتر درجے کی عدالت کو مقرر کیا جا سکتا ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھی مقدمات کے ٹرائل کی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے،ہائیکورٹ نے قرار دیا انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کو ذمہ داریاں سونپنا سیکشن 13 کے منافی نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل کرنے کی وجوہات حقیقی نوعیت کی ہیں، سکیورٹی خدشات درپیش ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ بظاہر بدنیتی پر مبنی نہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا درخواست گزار کے قانونی نکات جیل ٹرائل نوٹیفکیشنز کالعدم قرار دئیے جانے کی قوت نہیں رکھتے، درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو خود کو درپیش سکیورٹی مسائل سے آگاہ کیا گیا،عدالت نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل کیخلاف درخواست میرٹ نہ ہونے کی بنیاد پر نمٹائی جاتی ہے تاہم تحفظات ہونے پر ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے،فیصلے میں مزید کہا گیا اسلام آباد کی اپنی جیل ہوتی تو درخواست میں بہت سی باتیں نہ کی جاتیں، وزارت داخلہ اسلام آباد کا جیل پراجیکٹ جلد از جلد شروع کرے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز میں درخواست ضمانت کی کازلسٹ منسوخ کر دی گئی،چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقات کی اجازت پر بھی سماعت نہیں ہوگی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بنچ کی ریگولر کازلسٹ بھی منسوخ کر دی گئی۔
دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں سائیکل مہیا کرنے کی درخواست پر نوٹسز جاری کر دئیے ،چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولتوں کی فراہمی اپیل پر سماعت ہوئی،وکیل شیراز رانجھا نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں ورزش کےلئے سائیکل درکار ہے، چیئرمین پی ٹی آئی جیل ایس اوپیز کے تحت سائیکل کے حق دار ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا،جیل سپرنٹنڈنٹ کو عدالتی نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر شوکاز نوٹس جاری ہوا ،عدالت نے ریمارکس میں کہا کیوں نہ جیل سپرنٹنڈنٹ کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
سماعت کے دوران نواز شریف کی وطن واپسی پر بھی عدالت نے ریمارکس دئیے،جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کورٹ کی معاونت کےلئے کون آئے گا؟ ہر کوئی نواز شریف کی خوشیاں منا رہا ہے، مٹھایاں بانٹ رہا ہے، آپ سب کو نواز شریف کی پڑی ہے، استقبال کرنے جانا ہے؟،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے لا افسروں سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آخر کار چیئرمین پی ٹی آئی سابق وزیر اعظم ہیں، 1977 میں میرے والد بھی جیل میں رہے، میں بھی ملنے جیل جاتا رہا،شیر افضل مروت نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی سے صرف اس دن ملاقات کر پاتے ہیں جس دن کیس ہو،ملاقات ڈبے نما پنجرے میں ہوتی ہے، شیڈول بنایا ہے جس کے تحت ملاقات کی اجازت دی جائے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا شیڈول دکھا دیں،بعد ازاں عدالت نے بغیر کسی رکاوٹ وکلا کو چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔
عمران کوسکیورٹی خدشات درپیش، جیل ٹرائل کی وجوہات حقیقی ہیں،تحریری فیصلہ



















