ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد کمی کرکے فوری بینرز لگائے جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبا ل سید نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ اشیاءصرف کی قیمتوں میں واضح کمی کی ہدایت کر دی، ٹرانسپورٹ کرایوں میں آج ہی 10فیصد کمی کر کے ڈویژن کے تمام بس و ویگن اڈوں پر بینرز بھی لگائے جائیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں قیمتوں میں کمی بارے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق، اوکاڑہ ڈاکٹر ذیشان حنیف، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عمران منیر، اے سی جنرل علیزہ ریحان، سیکرٹری آرٹی اے واصف یاسین اور ڈی او انڈسٹریز عاطف رضا میر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے تینوں اضلاع کے سیکرٹری آر ٹی ایز کو ہدایت کی کہ وہ آج ہی کرایوں میں 10فیصد کمی کو یقینی بنائیں اور ان پر عملددرآمد بھی ممکن کریں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل دو مرتبہ ہونے والی کمی کا براہ راست فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کیلئے منڈیوں کی مانیٹرنگ سخت کریں اور پرائس مجسٹریٹس کو فیلڈ میں بھیجیں تاکہ قیمتوں میں کمی کا واضح فرق نظر آئے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پاکپتن روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کے کام میں دوبارہ سست روی پر اظہار تشویش، اسی رفتار سے کام کیا گیا تو لائن مکمل ہونے میں ایک سال لگ جائیگا، ٹھیکیدار کو دفتر طلب کر لیا۔ وہ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام اور محکمہ ہائی وے کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان اور پسپ پروگرام کے انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکپتن روڈ پر 72انچ قطر کے 4538سیوریج پائپ ڈالے جائیں گئے جن میں سے ابھی تک صرف 2280 پائپ ڈالے گئے ہیں جو پورے کام کا 50فی صد ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے سختی سے ہدایت کی کہ دو شفٹوں میں کام کیا جائے تاکہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے پسپ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سکیم نمبر3فرید ٹا¶ن میں بھی سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کیلئے منصوبہ تیار کریں۔ اجلاس میں ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد نے ساہیوال بائی پاس پر جاری کام بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ منصوبے کو30نومبر تک مکمل کرنے کیلئے ٹائم لائن تیار کر لی گئی ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائیگا تاہم اس کی تکمیل کیلئے اضافی 67کروڑ 10لاکھ روپے کے فنڈز درکار ہیں۔