شکایات کے ازالے کےلئے ہر محکمے میں کمشنر مقرر ،والڈ سٹی کا دائرہ پنجاب بھر تک توسیع

فیصل آباد،لاہور (بیورورپورٹ ،خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت تاریخ میں پہلی بار فیصل آباد میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، کمشنر فیصل آباد ڈویژن کے کمیٹی روم میں منعقدہ پنجاب کابینہ کے 30ویں اجلاس میںکمشنر نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، سی پی او فیصل آباد نے امن وامان کی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کےخلاف کی جانےوالی کارروائیوں پر بریف کیا۔

کابینہ نے شہریوں کی سہولت کےلئے ہر محکمے میں شکایات کے ازالے کےلئے کمشنرز تعینات ،پنجاب بھر کی تاریخی و قدیم عمارتوں کی بحالی اور تزئین وآرائش یقینی بنانے کےلئے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار صوبے بھر میںوسیع کرنے ،بخارا ،لاہور کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے ،دیہات میں چوکیدار نظام کو مزید موثر بنانے کےلئے چوکیدار کی تنخواہ میں اضافے کی منظوری سمیت اہم فیصلے کیے گئے،کابینہ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایگری کلچر مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے اشتراک سے سبزی وپھل منڈیاں قائم کرنے کے معاہدے، پنجاب موٹروہیکلزرولز 1969 ،پنجاب پروکیورمنٹ رولز2014میں ترامیم کی منظوری بھی دی ۔

دریں اثنا نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ فیصل آبادمیں کوچ میں سفرکرکے منفرد روایت قائم کردی،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ،سیکرٹریز بھی کوچ میں بیٹھ کر کمشنر آفس سے ہوٹل پہنچے،بعد ازاں کمشنر آفس میں وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے فلور ملز ایسوسی ایشن،کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب ، بار ایسوسی ایشن کے وفود نے ملاقاتیں کیں ، بریفنگز بھی دی گئیں۔

محسن نقوی نے کہاآٹے کی قیمت میں کمی سے صوبے کے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا، گندم کی ریلیز پالیسی کا اعلان جلد کردیا جائے گا،فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات میں وکلا برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ،محسن نقوی نے مسائل خود نوٹ کئے اور حل کی یقین دہانی کرائی او رکہاوکلا کی لائبریری کے قیام کےلئے معاونت کریں گے۔

ادھرنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ اورمیوہسپتال کے زیرتعمیر ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا،شاہدرہ ہسپتال میں مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے ،ہسپتال میں موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو رائزک انجکشن باہر سے خریدنے پرمجبور کیا جاتا ہے،وزیراعلیٰ محسن نقوی فارمیسی میں گئے تو رائزک انجکشن کا سٹاک موجود تھا۔

محسن نقوی صورتحال دیکھ کر شدید برہم ہوئے اورسینئر میڈیکل افسر کی سرزنش کی،انجکشن باہر سے خریدنے والے مریضوں کے پیسے فوری طورپرواپس کرنے کا حکم دیا،وزیراعلیٰ نے کہا فارمیسی میں سٹاک ہونے کے باوجود انجکشن باہر سے منگوانے کا کوئی جواز نہیں بنتا،غریب مریض پیسے خرچ کر باہر سے انجکشن منگوائے اورہسپتال کی فارمیسی میں انجکشن بھی موجود ہوکیا یہ مینجمنٹ ہے،ڈیوٹی پر موجودڈاکٹرکسی بھی سوال کا جواب نہ دے سکا،محسن نقوی نے کہا آئندہ ایسی شکایت ملی تو سخت کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے میوہسپتال کے زیر تعمیر ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کا جائز ہ لیا، وارڈ میں نئے سیلنگ فین لگانے کے کام پر محکمہ تعمیرات و مواصلات کے حکام کو شاباش، تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو سراہا ،وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے اورچھتوں میں موجود سیم کے مستقل خاتمے کی ہدایت کردی،علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ محسن نقوی گزشتہ رات اچانک لاہور کے لاری اڈہ پہنچے ،بسوں میں سوار مسافروں سے ملاقات کی،محسن نقوی نے بسوں، کوچز اور وین میں جاکر مسافروں سے کرایوں کاپوچھا،مسافروں نے کرایوں کی کمی پر اظہار تشکر کیا،وزیراعلیٰ نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے،عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کچھ کر سکے کرتے رہیں گے۔