عیسیٰ خیل ( نمائندہ مشرق)پولیس کی بروقت کارروائی،دہشتگردوں کاحملہ پسپا کردیا، میانوالی پولیس کو مکڑوال کے پہاڑی علاقے میں 10 سے 12 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، ڈی ایس پی سرکل عیسیٰ خیل کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ عیسیٰ خیل، مکڑوال، کمرمشانی پر مشتمل پولیس ٹیموں نے پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔
4بجے شام لمشی وال مکڑوال میں موجود ناز پاکستان مائنز کے قریب دہشت گردوں نے پولیس پارٹیوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، پولیس کے افسر و جوان ڈٹ گئے، بھرپور جوابی کارروائی کی گئی،2گھنٹوں تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ڈی پی او میانوالی مطیع خان اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مکڑوال پہنچے ، دہشتگرد پولیس کی شدید فائرنگ سے پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر کوہ میدان خیبرپختونخوا کی طرف فرارہو گئے۔
پولیس افسر و جوان کراس فائرنگ میں محفوظ رہے، کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آئی جی پنجاب عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے، پنجاب پولیس امن دشمن عناصر کا اسی طرح جواں مردی سے مقابلہ کرتی رہے گی، ناسور کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے۔
میانوالی ،پولیس کی بروقت کارروائی،دہشتگردوں کاحملہ پسپا



















