قصور(مہر حسن حسین )ڈپٹی کمشنر ارشد بھٹی کے زیر صدارت ضلعی افسران کا اہم اجلاس ہوا ، انسداد سموگ ، ڈینگی کارروائیاں ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی ، تجاوزات کے خاتمے ،کھاد کی سرکاری نرخ ناموں پر فراہمی ، اب گاﺅں چمکیں گے پروگرام کے تحت جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مظہر علی سرور ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جعفر چودھر ی ، اسسٹنٹ کمشنرز قصور رضوان الحق پوری ، چونیاں عامر بٹ ، پتوکی رانا امجد محمود ، کوٹ رادھاکشن ماہین فاطمہ ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ، ایجو کیشن اتھارٹیز ڈاکٹر لئیق چوہدری ، ملک انور ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ، چیف آفیسر زضلع کونسل ، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر متعلقہ افسران کو ہدایت کی آلودگی کا موجب بننے والے انڈسٹریل یونٹس ، اینٹوںکے بھٹوں ‘فصلوں کی باقیات جلانے والوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مالکان کےخلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائیں ، ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو تجاوزات کے خاتمے ،کھاد کی مقررہ نرخ ناموں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ،انہوں نے ہدایت کی کہ ان ڈور اور آوٹ ڈور ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی فیلڈ میں روزانہ کی بنیاد پر موجودگی کو چیک کریں ۔
ڈپٹی کمشنر نے اب گاﺅں چمکیں گے پروگرام کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیا اور پروگرام کے تحت جاری کاموں کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام ضلعی افسران اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کریں، لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔حکومت شہریوں کو تمام شعبہ زندگی میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا موجب بننے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں ۔ شہری سموگ کنٹرول کیلئے اپنی ذمہ داری نبھائیں اور کوڑا کرکٹ ، فصلوں کی باقیات کو آگ ہرگز نہ لگائیں ۔ گردوغبار پیدا کرنے والے میٹریل پر پانی کا چھڑکاﺅکریں ، ریت مٹی اور دیگر میٹریل ڈھانپ کر رکھیں ۔
آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں، گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی جائے،ڈپٹی کمشنرقصور



















